ڈالر مزید سستا ہو کر 287 پہ آ گیا، ’اب مہنگائی بھی کم ہونی چاہیے‘

image

پاکستان میں ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے اثرات ملکی کرنسی پر پڑتے نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور انٹربینک مارکیٹ میں پچھلے 16 روز کے دوران ڈالر 19 روپے سستا ہو کر 287 پر آ گیا ہے۔

معاشی ماہرین اور قانونی طور پر کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اداروں کے متحرک ہونے کی وجہ سے ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں میں خوف پایا جا رہا ہے اور مسلسل ڈالر کی قدر میں گراوٹ سے ڈالر ہولڈ کرنے والے بھی پریشان ہیں۔

ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے رہنما ملک بوستان نے دعوٰی کیا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ڈالر کے خریدار کم اور فروخت کرنے والے زیادہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے ڈالر کی قدر میں کمی کا کریڈٹ افواج پاکستان کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو دیا ہے.

’آرمی چیف کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بعد ملک کے دیگر ادارے بھی متحرک ہوئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کسی نہ کسی شہر میں ہنڈی/ حوالہ کا کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مارکیٹ میں غیرقانونی طور پر کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کی وجہ سے ڈالر تیزی سے مہنگا ہو رہا تھا، اب ان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ہو گیا ہے تو روپیہ بہتری کی جانب جا رہا ہے.‘

فاریکس ڈیلرز کے مطابق جمعرات کو پاکستان میں انٹر بینک مارکیٹ میں روپیہ مزید مضبوط ہوتا دکھائی دے رہا ہے.

آج جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر ایک امریکی ڈالر 70 پیسے کمی کے ساتھ 287 روپے 56 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 293 روپے ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

اس سے دو ہفتے پہلے پاکستان میں ایک امریکی ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں 300 روپے سے بھی مہنگا فروخت کیا جا رہا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 326 روپے تک پہنچی تھی۔

دو ہفتے قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 326 سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پیمعاشی امور کے ماہر عبد العظیم کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی تو دیکھی جا رہی ہے اور یہ ملکی معیشت کے لیے اچھا ہے لیکن اس کے اثرات نچلی سطح تک بھی جانے چاہییں۔

’ڈالر کی قدر میں اضافے کا جواز بنا کر جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اب واپس ہونا چاہیے اور عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔‘

سینیئر صحافی اور معاشی امور کے ماہر حارث ضمیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری خوش آئند ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اپنی آمدنی بڑھانے پر بھی توجہ دینی چاہیے.

’انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک دو نہیں بلکہ 15 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی ہے اس حساب سے مہنگائی کم کر کے عوام کو بھی فائدہ پہنچایا جانا چاہیے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.