پنجاب میں جمعہ کی چھٹی ختم، موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

image

صوبہ پنجاب میں جمعرات کو ہلکی بارش سے فضا خوش گوار ہوگئی اور سموگ کے گہرے بادل چھٹ گئے۔

 گذشتہ ہفتے سموگ کی ابتر صورت حال کی وجہ سے پنجاب بھر میں جمعے کی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔

جمعرات 30 نومبر کو سموگ کی صورت حال پر نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی سربراہی میں سرکاری حکام اور ماہرین کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا۔

اجلاس کے بعد نگراں وزیراعلٰی پنجاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا تھا کہ ’ماحولیاتی آلودگی میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’بہتر ایئر کوالٹی انڈیکس کے باعث رواں ہفتے لاہور سمیت پنجاب کے کسی بھی ضلع میں کسی قسم کی کوئی تجارتی پابندی نہیں لگائی جا رہی۔‘

محسن نقوی نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں 18 دسمبر 2023 سے یکم جنوری 2024 تک ہوں گی۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے حکومتِ پنجاب نے سموگ کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر 10 اضلاع میں جمعے کو تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔

 اس سے قبل پنجاب حکومت نے سرکاری و نجی اداروں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو جمعرات سے اتوار چار روز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

 چند روز قبل حکومت نے سموگ کے پیشِ نظر تمام تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ 

خیال رہے کہ بارش سے قبل لاہور میں سموگ مسلسل بڑھ رہی تھی اور گذشتہ ہفتے یہ شہر آلودہ شہروں کی عالمی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا تھا۔

شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم جمعرات کی بارش کے بعد لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری آئی اور یہ 164 تک آگیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.