ماسکو سٹی ۔28دسمبر (اے پی پی):روس اور ایران نے امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسیوں میں تجارت کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے مرکزی بینکوں کے گورنروں کے اجلاس میں کیا گیا۔
جرمن نشریاتی ادارے نے روسی خبررساں ادارے کے حوالےسے بتایا کہ ایران اور روس کے مرکزی بینکوں کے گورنرز کا اجلاس ماسکو میں ہوا جس میں دونوں ملکوں نے باہمی تجارت کو امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسیوں میں کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے ۔اس معاہدے کے بعد اب بینک اور گروپ مقامی کرنسیوں میں لین دین کر سکیں گے اور ایسے بینکاری نظام استعمال کر سکیں گے جن میں سوئفٹ سسٹم درکار نہیں ہوتابیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس کی قیادت میں یوریشین اکنامک یونین (یو اے ای یو) کے اراکین نے 25 دسمبر کو ایران کے ساتھ ایک مکمل آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ روس کے علاوہ بیلاروس، قزاخستان، کرغزستان اور ارمینیا اس یونین کے رکن ہیں۔