بیجنگ ۔29دسمبر (اے پی پی):چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باوجود اس کی 2023 کی آمدنی سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد اضافے کے ساتھ 700 ارب یوان (99.4 ارب ڈالر) سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
اے ایف پی نے ہواوے کے چیئرمین کین ہوے کے حوالے سے بتایا کہ برسوں کی محنت کے بعد ہم امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،سنگین چیلنجز کے باوجود ہماری 2023 کی آمدنی 700 ارب یوان سے زیادہ رہنے کی توقع ہے جو کہ 2022 کے مقابلے میں قریباً 9 فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہواوے نے رواں سال اپنا میٹ 60 نامی پروہینڈ سیٹ جاری کیا ،یہ مقامی طور پر تیار کردہ ایسی ڈیوائس ہے جو مقامی طور پر تیار کردہ اعلیٰ درجے کی چپ سے چلتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس کے تیاری سے بین الاقوامی برادری میں پابندیوں کے باوجود چین کی تکنیکی کامیابی کا اعتراف کیا جار ہا ہے۔