عامر خان کی بیٹی کی شادی: نیکر بنیان میں دوڑتے ہوئے شادی ہال پہنچنے والا دلہا جو مشہور شخصیات کا ٹرینر ہے

شادی والے دن نوپور شیکھر نے شارٹس اور بنیان پہنی تھی۔ ان کا یہ حلیہ دیکھ کر لوگ حیران ہوئے کہ کیا کوئی اپنی شادی میں ایسا حلیہ بناتا ہے؟
عامر خان
Getty Images

بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کہلائے جانے والے اداکار عامر خان کی بیٹی آئرہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئیں اور ان کے دلہا نوپور شیکھر فٹنس ٹرینر ہیں۔ نوپور شکرے انڈیا میں فٹنس کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں۔

بالی وڈ میں جہاں شادیاں شاہانہ انداز میں ہوتی ہیں اور ملبوسات، شادی کی جگہ اور سجاوٹ ہیڈ لائنز میں جگہ بناتی ہے وہیں اتنی دھوم دھام سے نہ ہونے کے باوجود نوپور شیکھر اور آئرہ خان کی شادی کا چرچا ہے۔

شادی کے مقام پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بجائے دونوں نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں کورٹ میرج کی اور ایک چھوٹا سا استقبالیہ بھی رکھا۔

شادی والے دن نوپور شیکھر نے شارٹس اور بنیان پہنی ہوئی تھی اور ان کا یہ حلیہ دیکھ کر لوگ حیران ہوئے کہ کیا کوئی اپنی شادی میں ایسا حلیہ بناتا ہے؟

پھر ان کا یہ روپ اب وائرل ہوگیا اور نوپور شیکھر کا نام راتوں رات بحث میں آ گیا۔ نوپور کے اس حلیے کو بہت سے لوگوں نے پسند کیا اور کچھ نے اس پر تنقید بھی کی۔

صرف اپنے شادی کے کپڑوں کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اپنے ایک اور فیصلے کی وجہ سے بھی نوپور شیکھر خبروں میں ہیں۔ وہ شادی کے مقام تک گھوڑا یا مہنگی گاڑی نہیں لے کر گئے بلکہ وہ جاگنگ کرتے ہوئے اپنی دلہن تک پہنچے۔

انھوں نے کالی بنیان اور سفید رنگ کی شارٹس پہن کر 8 کلومیٹر تک جاگنگ کی اور ان ہی کپڑوں میں شادی رجسٹر بھی کی۔

نوپور اور آئرہ کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ اس لیے لوگ یہ جاننے کے لیے متجسس ہیں کہ بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے داماد نوپور شیکھر کون ہیں؟

نوپور شیکرے کون ہیں؟

نوپور شیکھر کی پیدائش پونے میں ہوئی۔ انھوں نے آر ایس پودار کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس ممبئی سے گریجویشن کیا۔

نوپور فٹنس کوچ اور کنسلٹنٹ بھی ہیں۔ وہ فٹنس کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں۔ نوپور شیکرے اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں اور ان کے انسٹاگرام پر ان کی ورزش کرتے ہوئے کئی ویڈیوز موجود ہیں۔ ان کے 30 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں۔

انھوں نے کئی بالی وڈ ستاروں کو بھی فٹنس ٹریننگ دی ہے اور وہ عامر خان کے بھی ٹرینر ہیں۔ وہ کئی سال تک بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے بھی ذاتی ٹرینر رہے۔

نوپور عامر خان کی بیٹی آئرہ خان کے ٹرینر بھی تھے۔ فٹنس کے سفر کے دوران دونوں کو ایک دوسرے سے پیار ہو گیا اور تقریباً دو سال کے اندر ان کا رشتہ گہرا ہو گیا اور انھوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔

ایک سپر سٹار کی بیٹی ہونے کے باوجود آئرہ خان ہمیشہ بالی ووڈ کی چکا چوند زندگی سے دور رہی ہیں۔ آئرہ نے اپنے لیے ایک الگ شناخت بنانے کے لیے بظاہر اپنے والد کی پہچان کو استعمال نہیں کیا۔

آئرہ خان ایک این جی او ’اگاتسو‘ کی بانی اور سی ای او ہیں۔ یہ تنظیم لوگوں کی ذہنی صحت اور تندرستی کے لیے کام کرتی ہیں۔

آئرہ خان اور نوپور شیکھرے
Getty Images

پہلی ملاقات 2020 میں ہوئی تھی

آئرہ خان اور نوپور کی پہلی ملاقات سنہ 2020 میں ہوئی تھی۔ لاک ڈاؤن کے دوران آئرہ اپنے والد کے گھر رہنے آئی تھیں اور اس دوران دونوں کی ملاقات ہوئی۔

ستمبر 2022 میں نوپور نے ایک سائیکلنگ ایونٹ کے دوران آئرا کو پرپوز کیا۔ ایک سال کی ڈیٹنگ کے بعد اب دونوں نے شادی کر لی ہے۔

شادی میں عامر خان کی دونوں بیویاں موجود تھیں جبکہ آئرہ کے بھائی جنید اور چھوٹے بھائی آزاد بھی موجود تھے۔ شادی میں نوپور کی پوری فیملی بھی موجود تھی۔

نوپور ایک عام مہاراشٹری خاندان کے فرد ہیں۔ وہ اپنی شادی کو سادہ رکھنا چاہتے تھے۔ لہٰذا وہ بغیر کسی نمود و نمائش کے تمام رسومات سادگی سے ادا کرنا چاہتے تھے اور ایسا ہی ہوا۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.