شعیب ملک اور ثنا جاوید کی ’شادی‘ کی خبر: ’میں پانی پی رہی تھی جو سانس کی نالی میں چلا گیا‘

شیعب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کر کے پاکستانی فینز کو ایسی کیفیت میں ڈال دیا کہ متعدد کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ حیران زیادہ ہوں یا خوش ہو کر مبارک بار دیں۔

پاکستان ایران تنازعے کے بعد سنیچر کے روز دارالحکومت میں سیاسی اور سفارتی درجہ حرارت بظاہر کافی کم ہو چکا تھا اس کے ساتھ ساتھ ویک اینڈ اور دھند کی وجہ سے بیشتر لوگ سست مزاجی سے یا تو گھروں میں دبکے بیٹھے تھے یا جو کام پر تھے وہ بوریت سے فائلیں یہاں وہاں کر رہے تھے۔ ایسے میں ایک خبر نے نہ صرف ٹیلی وژن سکرینوں اور سوشل میڈیا کو رنگ بدلنے پر مجبور کیا بلکہ لوگ بھی حیرت و اچنبھنے کی کیفیات میں انٹرنیٹ کھنگھالنے لگے۔ یہ خبر تھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی دوسری شادی کی خبر۔

شیعب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کیں اور یہی پوسٹ اداکارہ ثنا جاوید کے سوشل میڈیا پر نظر آئی اور انھوں نے اپنے انسٹگرام پر اپنا نام تبدیل کر کے ’ثنا شعیب ملک‘ لکھ دیا۔ ان پوسٹس نے پاکستانی فینز کو ایسی کیفیت میں ڈال دیا کہ متعدد کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ حیران زیادہ ہوں یا خوش ہو کر مبارک باد دیں۔

اس سب کے باوجود ہمارے دفتر میں بیٹھے بیشتر ساتھی اس خبر پر یقین کرنے میں تذبذب کا شکار تھے۔ اور اس کی وجہ گذشتہ سال شعیب ملک اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی طلاق کی افواہیں تھیں، ان افواہوں نے بہت زور پکڑا تھا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان دونوں کی سرگرمیوں سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی تھی کہ آیا یہ خبر سچ ہے یا نہیں۔ لیکن کچھ ہی دنوں میں یہ جوڑا ایک ساتھ ’دی مرزا ملک شو‘ کی میزبانی کرتا نظر آیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے اس تناظر میں الزام لگایا کہ یہ افواہ ایک ’پبلیسٹی سٹنٹ‘ تھا۔

ہمارے دفتر میں پھر ایک ساتھی نے کہا کہ ’ثنا کی شادی تو عمیر جسوال سے نہیں ہوئی تھی؟‘ جس کے بعد ہم نے ان دونوں کی انسٹاگرام پروفائل کی چھان بین کی تو دیکھا کہ دونوں کی ایک ساتھ تصاویر دونوں ہی اکاونٹ سے غائب تھیں۔

چند دن قبل ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ’شادی اور طلاق دونوں مشکل ہوتے ہیں آپ کو اپنا مشکل فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔‘ اس کے علاوہ انھوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی اور اس کے ساتھ لکھا تھا ’جب کچھ آپ کے دل کے سکون کو خراب کرے، اسے چھوڑ دو۔‘

ان پوسٹس کو دیکھتے ہوئے بھی یہ تبصرے کیے جا رہے تھے کہ ان کے ازدواجی رشتے میں مسائل ہیں۔

’شاکنگ خبر‘

اس خبر پر فوری یقین کے بجائے بہتر یہی سمجھا کے تھوڑا انتظا ر کر لیتے ہیں لیکن پاکستان کا سارا الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اس بارے میں بات کرنے لگے، اور اسے ’شاکنگ‘ خبر قرار دیا اور سوشل میڈیا پر شعیب ملک کے نام کے ساتھ ساتھ لفظ ’شاکنگ‘ بھی ٹرینڈ کرنے لگا۔

اور صرف ہم ہی ابہام کا شکار نہیں تھے۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر صارف شمائلہ تنویر نے ہمارے والا ہی سوال کیا ’لیکن ثنا تو پہلے سے شادی شدہ ہیں۔‘

انسٹاگرام پر صارف اشفی اونادی کو بھی اس خبر پر یقین نہیں آ رہا تھا انھوں نے کہا ’کیا میوزک ویڈیو آ رہی ہے؟ آج کل آپ سلیبریٹیز پر یقین نہیں کر سکتے۔‘

صارفین نے اپنی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ایموجیز شیئر کیے اور کافی لوگوں نے لکھا ’کیا؟‘۔

انسٹاگرام پر ردا قیصر نے ایسے ہی جزبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’پانی پی رہی تھی میں، سانس کی نالی میں چلا گیا۔‘

بہت سارے سوشل میڈیا صارفین کے لیے اس خبر پر یقین کرنا اس لیے بھی مشکل تھا کیونکہ ثنا جاوید کی گلوکار عمیر جسوال سے شادی کی خبریں تو وائرل ہوئی تھیں تاہم طلاق کب ہوئی یہ بات بہت سے لوگوں کو نہیں پتا تھی۔

ایسی ہی ایک صارف ماریہ جیب نے لکھا ’میں اس وقت بہت الجھن میں ہوں. میں نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کے بارے میں سنا تھا لیکن ثنا جاوید اور عمیر جسوال کی طلاق کب ہوئی؟ برائے مہربانی مجھے یہ سمجھنے میں مدد کریں۔‘

سوشل میڈیا کا ’ثانیہ مرزا کے لیے افسوس اور شعیب کی وفاداری پر شک‘

اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا رشتہ قائم ہے یا نہیں۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین ثانیہ مرزا کے لیے افسوس اور شعیب کی وفاداری پر شک کرتے ہوئے کافی نالاں ہیں۔

ایسے صارفین بھی تھے جنھوں نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان تعلقات کے مبینہ اختتام پر افسوس کا اظہار کیا۔

نایاب خالد نے لکھا ’کسی کہ ساتھ طویل عرصے تک کسی کے ساتھ وفادار رہنا ایک ذاتی فیصلہ ہے۔ لیکن کئی سال بعد اپنا ساتھی تبدیل کرنا ہمارے سماج میں قبول کرنا مشکل ہے۔‘

انسٹاگرام صارف عباس دلاور نے کمنٹ میں لکھا وہ ’حقیقت میں ثانیہ مرزا کے لیے دکھی ہیں جنھوں نے شعیب کے ساتھ شادی کرنے پر انڈیا میں اتنی نفرت کا سامنا کیا۔‘

ایک صارف تو ثانیہ مرزا کے لیے اتنی جذباتی ہوں گئیں کہ انھوں نے لکھا ’ثانیہ مرزا نے پوری نظام اور پورے ملک سے لڑائی کی تاکہ وہ شعیب ملک سے شادی کر سکیں۔ اور اب شعیب نے ثنا جاوید سے شادی کر لی۔‘

کئی صارف شعیب ملک سے خاصے ناراض نظر آئے اور ایک بار پھر ’سرفراز دھوکہ دے گا‘ والی میم شیئر کی۔ فرق اتنا تھا کے اب کی بار میم پر شعیب ملک کی تصاویر تھیں۔

اگرچہ بہت سارے لوگوں نے نئے جوڑے ثنا جاوید اور شعیب ملک کو مبارکباد دی ہے تاہم زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جو یا تو ثانیہ سےثانیہ سے ہمدردی میں شعیب سے ناراض ہیں یا پھر اس اچانک خبر پر حیران۔

سوشل میڈیا صارفین ایک پاکستانی چینل پر نشر ہونے والے ایک شو کے کلپس بھی شیئر کر رہے ہیں جس میں ثنا جاوید اور شعیب ملک نے شرکت کی تھی۔ اس کے ساتھ یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ ’آپ کے خیال میں یہ کب سے شروع ہوا ہوگا۔‘

شعیب ملک ثانیہ مرزا
Getty Images

پاکستان کے شعیب ملک اور انڈیا کی ثانیہ مرزا

یاد رہے کہ اس سے پہلے شعیب ملک اور انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی تھی اور اس شادی کا پاکستان اور انڈیا میں بہت چرچا ہوا تھا۔

اس وقت شادی کی دعوتوں کا انتظام ثانیہ مرزا کے شہر حیدرآباد اور شعیب ملک کی لاہور کی رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔

شادی کے بعد جوڑا دبئی میں رہنے لگے اور ان کا ایک بیٹا ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.