’دنیا کے سب سے مہنگے پر‘ میں ایسی کیا خاص بات ہے

نیوزی لینڈ میں ایک پرندے کا پر 46521 مقامی ڈالر یعنی تقریبا 80 لاکھ روپے میں نیلام ہوا جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ لیکن اس پر میں ایسی کیا خاص بات ہے؟

نیوزی لینڈ میں ایک پرندے کا پر 46521 مقامی ڈالر یعنی تقریبا 80 لاکھ روپے میں نیلام ہوا جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ لیکن اس پر میں ایسی کیا خاص بات ہے؟

یہ پر دراصل نیوزی لینڈ کے ایک ایسے پرندے کا ہے جو اب معدوم ہو چکا ہے۔ اس پرندے کا نام ’ہویا‘ تھا۔

نیلامی سے پہلے امید کی جا رہی تھی کہ اس پر کی فروخت سے تین ہزار ڈالر تک حاصل ہوں گے تاہم نیلامی کرنے والے ویب آکشن ہاوس کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے اسی نسل کے ایک پرندے کے پر کی نیلامی کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے مقامی ماؤری لوگ اس پرندے کو مقدس مانتے تھے اور ان کے پروں کو قبائلی سربراہ سر پر سجاتے تھے۔ اس کے علاوہ اس پر کو بطور تحفہ دیا جایا کرتا تھا اور اس کی تجارت بھی ہوتی تھی۔

میوزیئم آف نیوزی لینڈ کے مطابق اس پرندے کو آخری بار مصدقہ طور پر 1907 یعنی 117 سال پہلے دیکھا گیا تھا۔ تاہم 1907 کے بعد 20 سے 30 سال تک اس پرندے کی موجودگی کی اطلاعات ملتی رہیں۔

ہویا نیوزی لینڈ میں پایا جانے والا ایک چھوٹا پرندہ تھا جو چھلانگیں لگانے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ خوبصورت پروں کی وجہ سے جانا جاتا تھا۔

ویب آکشن ہاؤس کی لیا مورس نے بتایا ہے کہ سوموار کے دن جس پر کو نیلام کیا گیا وہ ’کافی اچھی حالت میں تھا جس کی مخصوص چمک برقرار تھی اور اس پر کسی قسم کے نقصان کے آثار نہیں تھے۔‘

انھوں نے بتایا کہ اس پر کو خصوصی حفاطتی شیشے کے پیچھے محفوظ رکھا گیا ہے اور اسی وجہ سے اس کی خصوصیات برقرار رہی ہیں۔

اس پر کو ماؤری قبیلے کی حفاظت کے لیے بنائے جانے والے ایک نظام کے تحت رجسٹر بھی کیا گیا ہے اور صرف ایسے افراد ہی اسے خرید سکتے ہیں جن کے پاس مخصوص لائسنس ہوتا ہے۔

اس پرندے کے پر کو خریدنے والے افراد کو اسے ملک سے باہر لے کر جانے کی اجازت بھی نہیں ہے اور صرف ملک کی وزارت ثقافت کی اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی اسے بیرون ملک لے جایا جا سکتا ہے۔

لیا مورس کے مطابق نیوزی لینڈ میں اس پر میں بہت زیادہ دلچسپی پائی جاتی ہے اور اسی لیے اس کی اتنی زیادہ قیمت لگی۔

انھوں نے بتایا کہ ’میرے خیال میں چونکہ یہ پرندہ اب معدوم ہو چکا ہے تو جب ہم اور پرندوں کو دیکھتے ہیں تو چاہتے ہیں کہ ایسا پھر کبھی نہ ہو۔‘

ماضی میں اس پرندے کے پر ماؤری قبیلے کے لیے علامتی حیثیت بھی رکھتے تھے اور دولت کا نشان سمجھے جاتے تھے۔ نیوزی لینڈ میں یورپی افراد کی آمد سے قبل ہی یہ ایک نایاب پرندہ بن چکا تھا۔

تاہم میوزیئم آف نیوزی لینڈ کے مطابق فیشن کی وجہ سے اس پرندے کے پر کی شہرت میں مذید اضافہ ہوا اور یوں یہ نسل معدوم ہوتی چلی گئی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.