پاکستان مستقبل میں برآمدات کا سٹریٹجک مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں آٹو انڈسٹری کے فروغ میں سوزوکی اورٹویوٹا کا کردار قابل تعریف ہے، وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی وفود سے گفتگو

image

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل میں برآمدات کا سٹریٹجک مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں آٹو انڈسٹری کے فروغ میں سوزوکی اور ٹویوٹا کا کردار قابل تعریف ہے، آٹو موٹیو انڈسٹری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کو ششوں کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں سوزوکی موٹرز کا رپوریشن، ٹویوٹا موٹر کا رپوریشن اور ہواوے پاکستان کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سوزوکی موٹرز کا رپوریش کے جاپانی گلوبل نائب صدر کینیچی آیوکاوا کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے جاپانی سی ای او اور ایم ڈی ہیروشی کا وامورا اور فنانس ڈویژن و ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں آٹوموبائل کی صنعت کی ترقی میں سوزوکی کے دیرینہ تعاون کی تعریف کی ۔ آیوکاوا نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ سوزوکی 1983 سے پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے وزیرخزانہ کو پاکستان میں اپنی طویل مدتی سرمایہ کا ری کی تجاویز سے آگاہ کیا۔ وفد نے علاقائی مسابقت کو بڑھانے کے لیے پاکستان میں حجم کی بنیاد بڑھانے کے لیے پالیسی مداخلتوں کے حوالہ سے تجاویز بھی دیں۔ محمد اور نگزیب نے اختراعی تجاویز پر وفد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایک بڑی منڈی ہے جس میں ترقی کی خاطر خواہ صلاحیت موجود ہے،پاکستان مستقبل میں برآمدات کا ایک سٹریٹجک مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صاف توانائی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس اہم شعبہ میں سرمایہ کا ری کا منتظر ہے۔ وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور باہمی اہداف و پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا عزم کیا۔ وزیرخزانہ سے ٹویوٹا موٹر کا رپوریشن کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد میں وائس چیئرمین شنجی یانگی اور انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او علی اصغر جمالی، پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز کے عامر علاوالا اور وزارت خزانہ و ایف بی آر ان لینڈ ریونیوکے ارکان بھی موجودتھے ۔ شنجی یانگی اور علی اصغر جمالی نے مقامی آٹو انڈسٹری کے فروغ اور ترقی میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو مقامی طور پر اسمبل شدہ کا روں کی کا رکردگی و حجم اور پاکستان کی معیشت پر ان کے اثرات پر روشنی ڈالی ۔ وفد نے مقامی صنعت کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے درآمدی ڈیوٹی میں ایڈجسٹمنٹ کے حوالہ سے تجاویزپیش کیں اور کہاکہ اس سے مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ وفد نے تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے کے لیے ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز کے استعمال میں اضافہ کی تجویز بھی دی۔ وزیر خزانہ نے مقامی صنعت کو معاونت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آٹو موٹیو انڈسٹری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کو ششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دستیاب مالیاتی گنجائش کے اندر رہتے ہوئے آگے بڑھے گی تاکہ حکومتی اور نجی شعبے دونوں کے لیے سازگار نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفد نے وزیر خزانہ و محصولات کا شکریہ ادا کیا اور مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی اور مسابقت کو بڑھانے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کا م کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سن شیائوفی اور کمپنی کی سینئر مینجمنٹ ٹیم نے ملاقات کی۔ سن شیائوفی نے وزیر خزانہ کو ہواوے کے مختلف ڈیجیٹل اور آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کی صنعت سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے گزشتہ 25 سالوں میں پاکستان میں آئی سی ٹی انڈسٹری میں ہواوے کی نمایاں شراکت داری پر روشنی ڈالی اور ملک میں آئی ٹی کا مرکز بننے کی صلاحیت پر زور دیا۔ وفد نے ہواوے کے پاکستان گلوبل سروس سینٹر کے بارے میں بھی بتایا جو ہواوے کے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا اور افریقہ کے شراکت داروں کو خدمات فراہم کررہاہے ۔ انہوں نے ٹیکس ڈیجیٹلائزیشن، ای انوائسنگ، ریونیو آٹومیشن، اور آئی ٹی ایپلی کیشنز میں تعاون کے شعبوں کے حوالہ سے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو ترقی دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جاسکتاہے۔

وزیرخزانہ نے ہواوے کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس نظام کو ڈیجیٹائز کرنے میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور دستیاب ڈیٹا کے استعمال کے ذریعے فوری کا میابی کے امکانات پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون میں ہواوے کی دلچسپی کی تعریف کی۔ہواوے کے سی ای اونے وزیر خزانہ کو ہواوے کے شینزین ہیڈ کو ارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ کمپنی کے ایگزیکٹو لیڈروں کے ساتھ فنانس اور ڈیجیٹل اکانومی میں تعاون پر بات چیت میں حصہ لے سکے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.