وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پانچواں پاک کویت جوائنٹ منسٹریل کمیشن کا اجلاس

image

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کویت اور پاکستان کے مابین تجارت کے حجم کا کم ہونا افسوسناک امر ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ پاک کویت تجارت کے فروغ کے لئے تمام متعلقہ محکمے آن بورڈ ہوں کیونکہ دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تجارت کے اضافہ کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پانچویں پاک کویت جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کویت میں پاکستان کی طرف سے 6سال کے بعد اس کمیشن کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سمیت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور تجارت کے امور پر عملی پیشرفت ہو گی جس کے لئے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے دورہ کویت کے لئے تمام وزارتوں کو بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرنی چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی، لائیو سٹاک، ٹیلی کام، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سیاحت اور پٹرولیم جیسے اہم تجارتی شعبوں میں کویت سے سرمایہ کاری لا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تجارت میں اضافہ کے عملی نتائج چاہتے ہیں لہٰذا تمام محکمے ہوم ورک کے ساتھ آگے بڑھیں کیونکہ کویت کے اس اہم دورے کو ایم او یوز پر دستخط اور فزیبلٹی رپورٹس تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ کویت میں پاکستان سے افرادی قوت بالخصوص ڈاکٹرز و نرسز کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے جبکہ بزنس کمیونٹی اور افرادی قوت کو کویت کیلئے ویزوں اور سفر کا حصول آسان بنایا جانا چاہئے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری محکمے اپنے اپنے سیکٹر کے حوالے سے نجی شعبے کو بھی آن بورڈ لیں تاکہ ان کے اشتراک سے کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو آگے بڑھایا جا سکے۔

اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ٹریڈ اینڈ کامرس،منسٹری آف اکنامک افئیرز اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی سربراہی میں دورہ کویت کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ کویت میں پاکستان کے سفیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس دورے کے اہم خدودخال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کویت میں یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہوگا جس کے بعد وہاں کے سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے اور کویت اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارتی امور کا ایک نیا باب شروع ہوگا جس کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.