پاکستان کے ساتھ جامع اقتصادی پالیسی و اصلاحاتی پروگرام پر سٹاف لیول معاہدہ تک پہنچنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے،آئی ایم ایف

image

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے کہاہے کہ آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی حکام نے جامع اقتصادی پالیسی اور اصلاحاتی پروگرام پر سٹاف لیول معاہدہ تک پہنچنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ یہ بات آئی ایم مشن کے دورہ پاکستان کی تکمیل پرمشن چیف نتھن پورٹرکی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستانی حکام کی درخواست پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ٹیم نے 13 مئی سے لیکر 23 مئی تک پاکستان کادورہ کیا، وفد کی قیادت نتھن پورٹرنے کی۔ اس دورے کابنیادی مقصد پاکستان کے اندرونی اقتصادی پروگرام کے منصوبوں اوران منصوبوں کیلئے آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی معاونت پربات چیت کرنا تھا۔

بیان کے مطابق 2023 میں اسٹینڈ بائی معاہدہ کی کامیاب تکمیل کے ذریعے حاصل ہونے والے معاشی استحکام کی بنیاد پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور پاکستانی حکام نے جامع اقتصادی پالیسی اور اصلاحات کے پروگرام پر سٹاف لیول معاہدہ اورتوسیعی فنڈ سہولت کے زریعہ معاونت تک پہنچنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کا مقصد ملک کو معاشی استحکام سے مضبوط، جامع اور پائیدار نمو کی طرف لے جانا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے پاکستان انسانی سرمائے، سماجی تحفظ، اورماحولیاتی موزونیت کے لیے اخراجات کوبڑھانے اور منصفانہ ٹیکس کے ذریعے ملکی محصولات میں اضافہ و عوامی مالیات کو مستحکم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، پاکستان کی حکومت توانائی کے شعبے کی پائیداری، توانائی کی بلند قیمتوں کو کم کرنے کے لیے اصلاحات، زری اور شرح مبادلہ کی پالیسیوں کے ذریعے کم اور مستحکم افراط زر کی طرف پیش رفت جاری رکھنے، ریاستی ملکیتی کاروباری کی تنظیم نوو نجکاری اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کابھی ارادہ رکھتے ہیں۔

بیان میں کہاگیاہے آئی ایم ایف مشن اور پاکستان کے حکام آنے والے دنوں میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے دو طرفہ اور کثیر جہتی شراکت داروں کی جانب سے اصلاحات کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے درکار مالی معاونت پر اوردیگرامورپر پالیسی بات چیت جاری رکھیں گے تاکہ ان امورکوحتمی شکل دی جاسکے ۔آئی ایم ایف کی ٹیم نے مشن کے دورہ کے دوران نتیجہ خیز بات چیت اور مہمان نوازی پر پاکستانی حکام، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کاشکریہ بھی اداکیاہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.