اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس سخت گرمی کے دوران سفر کرنے والے شہریوں کیلئے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس شہریوں کو ہر ممکن مدد، جان و مال کی حفاظت اور سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلارہی ہے۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک کی ہدایت پر کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور عوام پولیس کے روابط کو بہتر بنانے کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں سخت گرمی میں سفر کرنے والے شہریوں کےلئے شہر کے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے تاکہ شہری گرم موسم کی شدت میں بخیریت سفر کرتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، محفوظ سفر کو یقینی بناتے ہوئے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا اورساتھ ہی ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان موجود خلاءکو پر کرنا ہے۔ شہریوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو بہت سراہا اور آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔