مریم نواز کی پوری توجہ عوامی مسائل حل کرنے پر مرکوز ہے، پنجاب میں روٹی 12روپے کی کر دی ، عظمی بخاری

image

لاہور۔24مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نوازحکومت کی پوری توجہ عوام کے مسائل کو حل کرنے پر مرکوز ہے، پنجاب میں روٹی 12روپے کی کر دی گئی ہے،ہتک عزت بل سے کسی پروفیشنل صحافی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، اشتعال انگیزی میں صرف ایک ہی جماعت کا نام آ تا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی پوری توجہ عوامی مسائل پر مرکوز ہے،صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت صوبے میں مہنگائی میں کمی آ رہی ہے اورپنجاب میں روٹی کی قیمت میں مزید کمی کر کے 12 روپے کر دی گئی ہے، اسی طرح گیس سلنڈر 1000 اور چاول 100فی کلو سستے ہو گئے ہیں، بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی کمی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں واضح کمی کی گئی ہے ،پاکستان معاشی لحاظ سے بہتری کی جانب گامزن اور عالمی معاشی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ٹریک پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک جماعت بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہی ہے ،اشتعال انگیزی میں صرف ایک ہی جماعت کا نام آ تا ہے ،ملکی حالات خراب کرنا پی ٹی آ ئی کا ایجنڈا رہا ہے ،پراپیگنڈا اڈیالہ جیل سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیلایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی سے جیل میں ملاقات کرنے والے باہر آ کر بے بنیاد پراپیگنڈا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا اس جماعت کا وطیرہ ہے، پہلے پی ٹی آئی نے ملک میں کون سی شہد کی نہریں بہا دیں، وہ شیخ مجیب الرحمن بننے کی کوشش کررہے ہیں، لندن پلان کی بات کرتے ہیں تو وہ اپنا پلان بتاتے ہیں جو طاہر القادری کے ساتھ مل کر انہوں نے بنایا تھا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے، اگر ہم سے کوئی نہیں ہوگا تو پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،یہ تاثر غلط ہے کہ بانی پی ٹی آ ئی پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہے ، پاکستان کو بڑی قربانیوں کے ساتھ حاصل کیا گیا ،بانی پی ٹی آ ئی یا اس کے کارندوں نے پاکستان کیلئے کونسی قربانی دی ہے،اس جماعت کا کام تو صرف نوجوانوں کی ذہن سازی کرنا اور انہیں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف اکسانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں کے خلاف اڈیالہ جیل سے ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے،اگر کوئی جماعت پاکستان اور اس کے اداروں کیخلاف غلط پراپیگنڈا کرے گی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئی تو پیپلزپارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، ن لیگ کی تین بار حکومت ہٹائی گئی، سابق وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹایا گیا لیکن ایک پارٹی اقتدار سے الگ ہو کر ملک میں دہشت گردی کررہی ہے ، قانون کے مطابق ان کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات پر محکمہ داخلہ لائحہ عمل اختیار کرے گا،ہم بانی پی ٹی آئی کااے سی نہیں اتاریں گے،بار بار لوگوں کو اکسانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیکھنا پڑے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا فوکس عوامی مسائل پر ہے،اگر کسی کو بانی پی ٹی آئی خواب میں نظر آئیں اور ان سے ملنے کی خواہش کرے تو اس پر ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔

ہتک عزت بل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ ہتک عزت بل سے کسی پروفیشنل صحافی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا،پیپلزپارٹی صحافیوں کے حوالے سے بات کرتی ہے تو یہ اچھی بات ہے ، اگر کسی پروفیشنل صحافی کودوسروں کی تضحیک سے ڈالر نہیں کمانا تو یہ بل اس کے لئے نہیں ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.