خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرکے غیرذمہ دارانہ اور غیرسنجیدہ سیاست اور طرزعمل کامظاہرہ کیا، ملکی معیشت کو دوبارہ عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے غیرسنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں،وزیرمملکت اقتصادی امور علی پر ویز ملک کی نیوزکانفرنس

image

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیرمملکت اقتصادی امورعلی پر ویز ملک نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرکے غیرذمہ دارانہ اور غیرسنجیدہ سیاست اور طرزعمل کامظاہرہ کیاہے، صوبائی حکومت نے فرضی اعدادوشمار کی بنیاد پر بجٹ پیش کیاہے، ملک کی معیشت کو دوبارہ عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے غیرسنجیدہ اور غیرذمہ دارانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور نواز شریف کے وژن کے مطابق ملکی معیشت کو مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔

جمعہ کو یہاں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پر ویزملک نے کہا کہ سنی اتحادکونسل کی صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی بجٹ سے پہلے اپنا بجٹ پیش کرنا اس سلسلہ کی کڑی ہے جب پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہوئی اور شہبازشریف صاحب نے عمران خان کی غیرذمہ دارانہ سیاست کی وجہ سے ریاست کو درپیش خطرات کے سامنے بند باندھنے کی کو شش کی تھی، یہ اسی غیرذمہ دارانہ سیاست اور اس سے ریاست کو خطرات سے دوچارکرنے کے واقعات کی ایک کڑی ہے،اس وقت بھی عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات پر وہ سبسڈی دی جن کا بجٹ کے تخمینوں میں کو ئی ذکر نہیں تھا اور نہ ہی اس کا کو ئی انتظام کیاگیاتھا اور اس کی وجہ سے آئی ایم ایف پر وگرام کیلئے خطرات پیدا کئے گئے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف پر وگرام پاکستان کی معیشت کیلئے اہمیت کاحامل ہے، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے پاکستان کو آئی ایم ایف کاسرٹیفکیٹ درکار ہوتاہے اور اس کی مددسے پاکستان اپنی ضروریات پوری کرتا ہے، اس وقت غیرضروری سبسڈیز دیکرملک کو دیوالیہ پن کی نہج پر پہنچا دیا گیا تھا، اس وقت کے وفاقی وزیر خزانہ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزراء خزانہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون نہ کرنے کیلئے ٹیلی فونز کال کئے، آئی ایم ایف کے سربراہ کو خطوط لکھے گئے اور آئی ایم ایف ہیڈکوارٹر کے باہراحتجاج کیاگیا، جی ایس پی پلس کی حیثیت پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبائی حکومت کے بجٹ میں وفاقی حکومت سے این ایف سی کے تحت فرام کردہ فنڈز اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، اسلئے وفاقی بجٹ سے قبل صوبائی بجٹ کو ذمہ دارانہ اور سنجیدہ عمل قرارنہیں دیاجاسکتا۔

جب وفاق نے اپنے بجٹ تخمینہ جات کا اندازہ نہیں لگایا توصوبائی حکومت فرضی اعدادوشمارکی بنیادپرکیسے بجٹ پیش کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان جس طرح معاشی استحکام اور پائیدارنموکی جانب سے گامزن ہے اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جو پیش رفت ہورہی ہے اسے دوبارہ عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے اس طرح کے غیرسنجیدہ اور غیرذمہ دارانہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سے ایک مرتبہ پھرعمران خان کی غیرسنجیدہ اور غیرذمہ دارانہ سوچ کی عکاسی ہوئی ہے۔بہترہوتا کہ خیبرپختونخوا حکومت پہلے وفاقی بجٹ کاانتظارکرتی، وفاق کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کے اعدادوشمارسامنے رکھتے ہوئے اور اپنے وسائل کو متحرک کرنے کی منصوبہ بندی عوام کے سامنے لے آتی اور اپنی ترجیحات کااعلان کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز شریف جس طرح صحت اور دیگرشعبوں میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کررہی ہے کے پی کی حکومت کو اس کے مطابق اپنی ترجیحات کاتعین کرنا چاہئے۔

اس وقت بھی بی آئی ایس پی اور یوٹیلیٹی سٹورز وفاقی حکومت کے تعاون سے چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ترجیحات کے بغیربجٹ پیش کرناسیاسی شعبدہ بازی، وفاقی حکومت کو بلیک میل کرنے کی کو شش اور آئی ایم ایف کے ساتھ مل کرملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کو شش تو ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ اس میں سنجیدہ اور ذمہ دارانہ سیاست کی کو ئی پہلو نہیں ہے،

امیدہے کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیرخزانہ وفاقی وزیرخزانہ سے رابطہ کریں گے اور آئی ایم ایف کے ساتھ جس طرح کی ری کیلیبریشن درکارہے اس پر موثررابطہ کاری کریں گے،امید ہے کہ یہ اپنے رویوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ریاست پاکستان کے استحکام کیلئے مل کرقوم کی بہترین مفاد کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت اور نوازشریف کے وژن کے مطابق ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جارہاہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ پر وگرام کے باوجود معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کے تحفظ کیلئے اقدامات کو یقینی بنایاجارہاہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.