پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، اسکی تاریخی اہمیت کو بحال کیا جائے گا، عطاءاللہ تارڑ

image

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، اس کی تاریخی اہمیت کو بحال کیا جائے گا۔ پاکستان اور قازقستان کے درمیان گہرے تاریخی روابط موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان فلم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے Kazakh Khanate – Golden Throne ڈرامہ سیریز کی سکریننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان نہ صرف ثقافت بلکہ تاریخی گہرے ثقافتی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں، ان تعلقات، ثقافت، تاریخ اور ورثہ نے دونوں اقوام کو ایک دوسرے سے قریب کر رکھا ہے، دونوں ممالک کی قومی زبانوں میں بہت سی مشترکہ اصطلاحات ہیں جو ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات و ثقافت یہ میری ذمہ داری ہے کہ نہ صرف تفریحی سرگرمیوں بلکہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان گہرے اور اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ پاکستانی ڈرامے اور گانے دنیا بھر میں بہت پسند کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس عظیم ثقافتی ورثہ ہے جو تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور بطور وزیر میرا مشن اس ورثہ کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ Kazakh Khanate – Golden Throne کو اگر اردو زبان میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر کیا جائے تو یہ پاکستان اور قازقستان کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت و تنوع کے قریب لانے میں معاون ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قازقستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشتیں موجود ہیں، اس تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے میڈیا، ثقافت، فلم اور پروڈکشن کے شعبوں میں بھی تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی سیریز نیٹ فلکس پر متعارف کرائی جائے گی جو اس وقت اٹلی میں فلمائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہالی ووڈ فلم کمپنی جان آسٹن کے مشہور ناول Pride and Prejudice پر اردو زبان میں فلم تیار کر رہی ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کو اجاگر کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ Kazakh Khanate – Golden Throne سیریز پاکستان میں بے حد مقبولیت حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے سیریز کی سکریننگ پر قازقستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور قازقستان مشترکہ ثقافت، تاریخ اور تفریح کو فروغ دینے کے لئے مل کر آگے بڑھیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.