گورنرخیبرپختونخوا کی اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے آمد، ابراہیم رئیسی ودیگررفقاء کی شہادت پر تعزیت

image

پشاور۔ 25 مئی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اورایرانی سفیررضا امیری مقدم سے ایرانی صدرابراہیم رئیسی، ایرانی وزیرخارجہ اوردیگر رفقاء کی شہادت پرتعزیت کی۔ گورنرنے شہید ایرانی صدراورانکے رفقاء کے درجات بلندی، پسماندگان و ایرانی عوام کیلئے صبروجمیل کی دعا کی۔

گورنر نے سفارتخانے کی وزیٹر بک میں ایرانی صدر کے اعزاز میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔ اس موقع پرگورنرنے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کے عوام اور اپنی جانب سے ایرانی حکومت وعوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، دکھ اورغم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اوراسلامی جمہوریہ ایران کےعوام کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ڈاکٹرسید ابراہیم رئیسی کی شہادت ایرانی عوام کیلئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے، پاکستان نے ڈاکٹررئیسی جیسا مخلص اوراعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔ انہوں نے کہا کہ المناک حادثہ پرایرانی قونصلیٹ جنرل پشاورکا بھی دورہ کیا تھا اوراپنی اورصوبہ کےعوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا تھا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا سے ایران جانیوالے زائرین کو درپیش مسائل و مشکلات پربھی گفتگو کی گئی۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اورصوبہ بلوچستان سے ایران تجارتی راہداری بہت اہمیت کی حامل ہے، دونوں صوبوں کی تجارتی راہداری کو محفوظ بنانے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سکیورٹی امورکو مستحکم بنانا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں زائرین ایران جاتے ہیں انکی مشکلات کا خاتمہ اورسہولیات کی فراہمی یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

ایرانی سفیررضا امیری مقدم نے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا تعزیت کیلئے ایرانی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اورگورنرفیصل کریم کنڈی کے ایرانی عوام کے دکھ میں شریک ہونے پر شکرگزار ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.