خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ایس آئی ایف سی کے اجلاس سے خطاب

image

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ایس آئی ایف سی پر اعتماد کا اظہار کرنے پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایس آئی ایف سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی تعمیر کے لیے انتھک محنت کرنی چاہیے۔

وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ایس آئی ایف سی کی مزید حمایت کریں اور ماضی کے نقصانات کی تلافی اور ملک میں غربت اور بھوک کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ایک خاندان کی طرح مل کر آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے بعد وفاقی حکومت کو ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لیے کافی رقم نہیں ملی لہذا ایسے حالات میں تمام حکومتوں کو اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ایس آئی ایف سی کے ممبران کو اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے پاکستان میں10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور ایس آئی ایف سی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادر ممالک کی قیادت اور دیگر ممالک بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات سے آگاہ ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب ایس آئی ایف سی کو قانونی طریقہ کار کے ذریعے تشکیل دیا گیا تھا تو ایک حلقہ کی جانب سے کچھ خدشات کا اظہار کیا گیا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت، کارکردگی اور کامیابیوں نے ہر طرح کی تنقید کا خاتمہ کردیا اور اب ہر کوئی اس کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے ایک جرمن وفد کے ساتھ اپنی ملاقات کا بھی حوالہ دیا جو ایس آئی ایف سی کے کام سے بھی آگاہ تھا۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ انہیں آج اپنے اہداف کے حصول کے لئے عزم کرنا چاہئے کیونکہ اس ضمن میں کوئی بھی چیز ہمیں کامیابی سے نہیں روک سکتی اور پاکستان کو ایک ایسی چیز میں تبدیل کرنے کے لئے دن رات کام کریں گے جس پر پاکستانی فخر محسوس کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتھک کوششوں اور خون پسینہ بہانے سے ممکن ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے مختلف شعبوں کے ماہرین کی استعداد کار بڑھانے اور پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی وزارتوں کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ کنسلٹنٹس اور ماہرین کی خدمات حاصل کریں اور ہم جلد ہی ان کی رائے حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈآف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اپنی کاوشوں کو دوگنا کریں اور مقامی ٹیلنٹ اور انڈسٹری کو فروغ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دی جانی چاہیے جبکہ اربوں روپے کے قدرتی وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کی راہ ہموار کرنے کا سہرا بھی ایس آئی ایف سی کو جاتا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.