پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے فلاحی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی، آئندہ بجٹ کو عوام کیلئے سازگار بنانے کے لیے حکومت کو تجاویز بھی پیش کرے گی،قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا تقریب سے خطاب

image

لاہور ۔26مئی (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے فلاحی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی،پی پی پی آئندہ بجٹ کو عوام بالخصوص کسانوں، نوجوانوں اور مزدوروں کے لیے سازگار بنانے کے لیے حکومت کو تجاویز بھی پیش کرے گی، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،اس منصوبے سے نہ صرف شہریوں کو صاف پانی میسر آئے گا بلکہ اس سے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچائو بھی ممکن ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز یہاں ظہرالدین بابر آر او پلانٹ کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا-اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میاں عمران جاوید سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات،سینئر صحافی بھی موجود تھے –

قائم مقام صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن کے طور پر، پاکستان پائیدار ترقی کے ہدف (ایس ڈی جی 6) کے لیے پرعزم ہے، جس کا مقصد 2030 تک ”سب کے لیے پانی اور صفائی ستھرائی کی دستیابی اور پائیدار انتظام” کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے کام کرنے والوں کی کوششیں بھی ریاست کی خدمت میں ہیں، صاف پانی کی فراہمی ایک عالمی مسئلہ ہے جسے عالمی تعاون کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے یہاں ایک نیک کام کی بنیاد رکھنے کے لیے بلایا گیا، اس منصوبے سے نہ صرف شہریوں کو صاف پانی میسر آئے گا بلکہ اس سے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچا ئوبھی ممکن ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے ہے، پاکستان قومی اتحاد کے ساتھ مشرقی اور مغربی سرحدوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی عوامی فلاح و بہبود اور سیاسی مکالمے پر یقین رکھتی ہے اور قومی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ مفاہمت کی روش اپنانے کو ترجیح دی ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کے فلاحی اقدامات کی حمایت کا اعاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کا ہر ممکن ساتھ دے رہی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے کے لیے مذاکرات اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کا باعث بنتا ہے، جلد ملک معاشی بحرانوں سے نکل آئے گا۔قبل ازیں قائم مقام صدر و چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ظہرالدین بابر آر او پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.