سردار شاہد احمد لغاری کا کویت میں پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ

image

کویت۔27مئی (اے پی پی):ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے کویت میں پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ کیا۔ اُن کی آمد پر سفیر ملک محمد فاروق اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے عملہ کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے ملاقات میں کویت کی جانب سے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ کویت نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے انسانی خدمت کیلئے ہلالِ احمر کویت کے ساتھ ہلالِ احمرپاکستان کی شراکت کو مثالی قرار دیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے ہلالِ احمر کویت کے زعماء کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے بھی بتایا۔اُن کا کہنا تھا کہ اِس مفاہمتی یادداشت کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ، آرگنائزیشن ڈویلپمنٹ، ہیلتھ، کلائمیٹ چینج، یوتھ انگیجمنٹ، ریسورس موبلائزیشن اور مائیگریشن جیسے اقدامات آتے ہیں۔

ہلالِ احمر نے اِس بابت اپنی دلچسپی دکھائی ہے کہ گلف سٹیٹس کی نیشنل سوسائٹیز کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کیا جائے گا اور باہمی تعاون کیلئے نئی راہیں کھولی جائیں گی۔سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں ہلالِ احمر کی تاریخ، مینڈیٹ اور خدمات باالخصوص 2022ء کے سیلاب میں 55 متاثرہ اضلاع میں فراہم کی گئی سروس کا احاطہ کیا گیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے ہلالِ احمر کویت کے ساتھ مضبوط تعلقات اور ترقیاتی حکمت عملی کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا تاکہ پاکستان میں سیلاب متاثرہ لوگوں کی بہتر سے بہتر خدمت کی جاسکے۔ انہوں نے ہلالِ احمر کے جاری پروگراموں جیسا کہ صحت عامہ کی خدمات، بلڈ ڈونر سنٹر، ایمبولینس سروس،پینے کے پانی کی فراہمی اور واش پراجیکٹ، شیلٹر، لائیولی ہڈ، نقد مالی مدد، مائیگریشن اور نقل مکانی کرنے والوں کے علاوہ افغان پناہ گزین کیلئے ہلالِ احمر کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے سفیر کو کوپ 27 اور کوپ 28 میں پاکستان کے مسائل کو اُجاگر کرنے سے متعلق بھی آگاہی دی۔

سردار شاہد احمد لغاری نے اِس بات پر زور دیا کہ کویت میں موجود عالمی انسانی خدمت کی تنظیموں کے ساتھ تعلقات اور روابط کو مضبوط بنا کر تعاون حاصل کیا جائے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریکوری پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔کویت میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق نے سردار شاہداحمد لغاری کی قیادت میں انسانیت کی خدمت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ رَشک قرار دیا ،انہوں نے انسانیت کی خدمت کے حوالے سے کویت میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو آگاہ کرنے اور تعاون حاصل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ہم خیال اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کی بھی حامی بھری۔ملاقات کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا اور سردارشاہد احمد لغاری نے سفارتخانہ میں رکھی بُک پر اپنے تاثرات قلمبند کئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.