بیجنگ ۔5جون (اے پی پی):ترکیہ نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ فلسطین پر چین کے موقف کی قدر کرتے ہیں۔ شنہوا کے مطابق وزیر خارجہ ہاکان فیدان کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے فلسطینیوں کے مصائب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور اس وقت غزہ میں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جسے محفوظ تصور کیا جا سکے۔ہاکان فیدان جو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر چین میں ہیں نے چائنا اینڈ گلوبلائزیشن سینٹر نامی تھنک ٹینک سے اپنے خطاب میں غزہ پر اسرائیل کے حملوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ قبرستان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس وقت غزہ میں کوئی بھی ایسا مقام نہیں جو محفوظ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیل کے حملے کے بعد سے جنگ بندی کے قیام ، جھڑپوں کےعلاقے میں پھیلاؤ کا سد باب کرنے اور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ چین کی طرح ہم بھی 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط ریاست فلسطین کے قیام کا دفاع کرتے ہیں۔ترک وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فلسطین کے معاملے پر چین کی حساسیت خوش آئند ہے اور ہم دو ریاستی حل کے لیے چین کی حمایت کو سراہتے ہیں۔