ریاض۔5جون (اے پی پی):سعودی عرب میں رواں سال حج کے دنوں میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے سی ای او ایمن غلام نے پریس بریفنگ کے دوران رواں سال ایام حج کے دوران متوقع موسمی حالات کے بار ے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایام حج میں مشاعر مقدسہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
حج مقامات پر دن کے وقت موسم تیزہواوں کے ساتھ انتہائی گرم رہنے کی توقع ہے جس کے باعث کھلےعلاقوں اور شاہراہوں پر گرد وغبار اور ریت کے طوفان بھی آسکتے ہیں جبکہ ہوا کی رفتار 10 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں قومی موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ارجان زمرق نے کہا ہے کہ آئندہ سال موسم گرما کا آخری حج سیزن ہوگا۔ اس کے بعد 8سال حج سیزن موسم بہار میں اور بعد ازاں8سال حج سیزن موسم سرما میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف موسمی ادوار کے حوالے سے ابتدائی تیاری کرنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔