ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: میزبان امریکہ نے بوکھلائی ہوئی پاکستانی ٹیم کو سپر اوور میں اپ سیٹ شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم امریکہ سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
usa
Getty Images

کس نے سوچا تھا کہ پاکستان اور امریکہ آپس میں کبھی کرکٹ کا میچ بھی کھیلیں گے، لیکن امریکہ پاکستان کو ہرا دے گا۔۔۔ یہ تو شاید کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔

پاکستان ٹیم اس سے پہلے بھی اپنے سے کمزور ٹیموں سے شکست کھا چکی ہے لیکن یہ شکست شاید ان تمام اپ سیٹس سے زیادہ سنگین معلوم ہوتی ہے اور پاکستان کی فیلڈنگ ک دوران بوکھلائی ہوئی کارکردگی کے باعث اس کی سنگینی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

سونے پر سہاگہ یہ کہ امریکہپہلی مرتبہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کھیل رہی تھی اور یہ شکست سپر اوور میں جا کر ہوئی جہاں پاکستان 19 رنز کا ہدف بنانے میں ناکام رہا۔

امریکہ کے شہر ڈیلس میں ہونے والے ایونٹ کے اس میچ میں امریکہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

میچ کی ابتدا سے ہی امریکی ٹیم کا یہ فیصلہ تب بہتر ثابت ہوا کہ جب میچ کے پہلے پاور پلے میں پاکستان کے ابتدائی تین کھلاڑی آوٹ ہو گئے۔ لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو کچھ دیر کو بابر اور پھر شاداب کا سہارا ملا لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ صرف 159 رنز ہی جوڑ سکی۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے پر اعتماد انداز میں انگز کا آغاز کیا۔ اس اننگز کا خاصہ پاکستان کی ناقص فیلڈنگ تھی، پاکستان نے امریکی بلے بازوں کے اہم موقعوں پر کیچ چھوڑے، اور مس فلیڈز اور ایکسٹرا رنز نے امریکہ کا تعاقب مزید آسان بنا دیا۔

محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے تین اچھے اوورز کے باعث امریکہ کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، تاہم حارث رؤف کے آخری اوور کی آخری بال پر چوکے نے میچ سپر اوور تک پہنچا دیا۔

میچ
Getty Images

سپر اوور

سپر اوور میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے یہ سُپر اوور محمد عامر نے کرایا۔

سپر اوور میں ایک لمحے کو ایسا لگا کہ پاکستان ٹیم فیلڈنگ کرنا ہی بھول گئی ہے۔ عامر کے اوور میں 10 رنز بیٹ سے بنے جبکہ باقی آٹھ رنز وائڈز اور ناقص فیلڈنگ کی نذر ہوئے۔

جواب میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور فخر زمان سپر اوور کھیلنے کے لیے کریز پر اترے مگر امریکہ کی جانب سے بہترین بولنگ کی وجہ سے وہ ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔

پاکستان 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنا سکا اور امریکہ کے ہاتھوں اسے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکہ کی رواں ورلڈکپ میں یہ دوسری کامیابی ہے، اس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ہراہا تھا۔ پاکستان کے خلاف جیت کے بعد امریکہ گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آ گیا ہے۔

ift
Getty Images

پاکستان کی اننگز

امریکہ کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن دونوں کی مقبول جوڑی اس میچ میں بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی اور محمد رضوانابتدائی اوورز میں ہی صرف 9 رنز بنا کر سوربھ نیٹروالکر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

رضوان کے پولین لوٹ جانے کے بعد محمد عثمان میدان میں آئے لیکن وہ بھی صرف 3 کے انفرادی سکور پر نوستھش کینجیے کا شکار بنے۔

چوتھے نمبر بیٹنگ کے لیے فخر زمان آئے اور آتے ہی اپنی انداز میں انگز کا آغاز کیا اور چھکا لگایالیکن اس کے بعد وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور اچھی شراکت قائم کی۔ ٹیم کا سکور 98 رنز پر پہنچا تو 40 رنز بنانے والے شاداب بھی کینجیے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کریز پر آنے والے اعظم خان سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 98 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنھوں نے 44 رنز کی عمدہ لیکن سست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد کی اننگز 18 کے انفرادی سکور پر تمام ہوئی جس کے بعد اننگز کے آخری اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کی 23 کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو مناسب سکور تک پہنچایا۔

یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

میچ
Getty Images

امریکہ کی اننگز

امریکہ کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد پاکستان کو سٹیون ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں پہلی کامیابی ملی۔ اس کے بعد آندریز گوس اور کپتان کپتان مونانک پٹیل نے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 104 تک پہنچایا، جس کے بعد گوس 35 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

امریکہ کی تیسری وکٹ کے لیے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور شاندار 50 رنز بنانے والے مونانک پٹیل کو محمد عامر نے پیولین کی راہ دکھائی۔

ابتدائی طور پر ناقص باؤلنگ کے بعد اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے لائن اور لینتھ کا خیال رکھا اور اچھی باؤلنگ کرائی اور اس کی جیت کے امکانات دکھائی دینے لگے۔

تاہم دوسری جانب امریکی اچھی حکمتِ علمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور آگے بڑھاتے رہے اور میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کرنے میں کامیاب رہے۔

امریکا کو آخری اوور میں کامیابی کے لیے 15 رنز درکار تھے اور پاکستان کی جانب سے بال حارث رؤف کے ہاتھ می تھمانے کا فیصلہ کیا گیا۔ امریکہ کی ٹیم کی جانب سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اس اوور میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے وہ 14 بنانے میں کامیاب رہی یوں میچ ٹائی ہو گیا۔

جب بات پہنچی سپر اوور تک تو پاکستان کی جانب سے محمد عامر کو بال کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی عامر نے سپر اوور تو کرایا مگر انتہائی مہنگا ثابت ہوا اور امریکا نے سپر اوور میں 18 رنز بنا کر پاکستان کو جیتنے کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی ٹیم صرف 13 رنز بنا سکی۔

’کس نے سوچا تھا کہ امریکہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کو ٹف ٹائم دے گی‘

ایک میچ تو ہوا امریکہ کے شہر ڈیلس میں مگر اس کے دوران ہی پاکستانی ٹیم کی پہلے ہی میچ میں امریکہ خلاف پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے میمز اور ٹرینڈز کا ایک طوفان سوشل میڈیا پر بھی دیکھنے کو ملا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف سابق کھلاڑی سعید انور نے ایکس پر لکھا کہ ’کس نے سوچا ہوگا کہ امریکہ جیسی نوزائیدہ ٹیم ہمیں مشکل وقت دے گی؟ سبز لباس میں ملبوس پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی غیر یقینی صورتحال اپنے عروج پر ہے!‘

https://twitter.com/ImSaeedAnwar/status/1798797480181547027?s=08

اس طرح انڈیا سے ایکس پر پریانوج شرما نے لکھا کہ ’کیا کسی نے کبھی یہ سوچا تھا کہ پاکستان جیسی ٹیم کو امریکہ کی ٹیم شکست دے گی، اب ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کا مزا آنے لگا ہے۔

پریانوج نے امرکہ کی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ساتھ یہ بھی لکھا کہ ’یہ ایک اور وجہ ہے کہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں مزید ٹیموں کی شمولیت ضروری ہے۔‘

https://twitter.com/Priyanuj_Sarmah/status/1798804539463831598?s=08

پاکستان میں صحافی اجمل جامی نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس پر غم و غصے کا اظہار کیا انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’معاف کیجیئے! پاکستان ٹیم سپر ایٹ کھیلنے کی مستحق نہیں ہے۔ ٹیم کے اندر بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔‘

https://twitter.com/ajmaljami/status/1798809956046827692?s=08

پاکستانی کرکٹ میزبان زینب عباس نے بھی امریکہ کی کرکٹ ٹیم کو اس کامیابی پر مبارک باد بھی دی اور اُن کی جانب سے پیش کیے جانے والے کھیل پر اُن کو سراہا بھی۔

زینب نے ایکس پر ایک پیتغام میں لکھا ’امریکہ جیت کا حقدار ہے، ان کی جانب سے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور پاکستانی ٹیم مکمل طور پر تیار نہیں تھی، اور میچ میں دباؤ کا شکار دکھائی دی۔

https://twitter.com/ZAbbasOfficial/status/1798803261899575454?s=08

ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ اے میں امریکہ اب تک دو میچ کھلنے اور دونوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پہلے نمبر پر ہے اُس کے 4 پوائنٹس ہیں۔

امریکہ کے بعد گروپ میں دوسری پوزیشن انڈیا کی ہے جس نے اب تک ایک ہی میچ کھیلا ہے اور اس میں اسے کامیابی ملی ہے۔

پاکستان کا اب اگلا میچ 9 جون کو روائیتی حریف انڈیا کے ساتھ ہوگا۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.