بیجنگ ۔7جون (اے پی پی):چین میں ہائی سکول کے طلبا کے یونیورسٹیوں میں داخلوں کے لیے ملک گیر سطح پر ’’گاوکاو‘‘ ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا۔جمعہ کو چین کی وزارت تعلیم کے مطابق ٹیسٹ ہائی سکول کے لاکھوں بچوں کے مستقبل کا تعین کرے گا،اس مرتبہ ریکارڈ 13.42 ملین امیدواروں نے اس اہم ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔مقامی حکام امتحانی مدت کے دوران امیدواروں کو نقل و حمل، رہائش، طبی نگہداشت اور شور کنٹرول کے لیے معاون خدمات فراہم کر رہے ہیں ۔
چین بھر میں 11,000 سے زائد معذور طلبا کو اس امتحان میں رسائی اور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مدد فراہم کی گئی ہے۔ان میں سے، مشرقی چین کے صوبہ جیانگ سو اور جنوب مغربی چین کے ژیانگ خود مختار علاقے سمیت 11 صوبائی سطح کے علاقوں میں 15 بصارت سے محروم امیدواروں کو بریل امتحان کے پرچے تک رسائی حاصل ہوگی۔2014 کے بعد سے یہ لگاتار 11 واں سال ہے جب تعلیمی حکام نے گاؤکاؤ میں بصارت سے محروم امیدواروں کے لیے بریل پیپرز فراہم کیے ہیں، جس کی وجہ سے تقریباً 80 بصارت سے محروم امیدواروں کو شنگھائی نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ جیاؤتونگ یونیورسٹی سمیت یونیورسٹیوں میں داخلہ مل گیا ہے۔گاو کاو کا آغاز 1952 میں کیا گیا ،اس ٹیسٹ کے زریعے یونیورسٹیز اور کالجز میں طلباء کا اسپٹنس ریٹ جو 1977 میں 4.74 فیصد تھا 2023 میں بڑھ کر 84.97 فیصد پر آ چکا ہے۔