واشنگٹن ۔8جون (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل ۔ فلسطین کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں آئندہ ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔اردو نیوز نے امریکی محکمہ خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ انٹونی بلنکن پیر سے بدھ کے دوران اسرائیل اور اہم عرب شراکت دار عرب ممالک مصر، شام، اردن اور قطر کا دورہ کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بیان میں کہا کہ دورہ کے دوران امریکی وزیرخارجہ جنگ بندی کی تجویز سے اسرائیل اور فلسطین کو کیا فائدہ ہوگا پر تبادلہ خیال کریں گے ۔انٹونی بلنکن اس بات پر زور دیں گے کہ اس جنگ بندی سے غزہ میں مشکلات میں کمی آئے گی، انسانی امداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو گا اور فلسطین کو اپنے پڑوس میں واپس جانے کی اجازت ملے گی۔یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی اس جنگ کے بعد انٹونی بلنکن کا اس خطے کا یہ ساتواں دورہ ہے۔