’سستی بجلی کی پیداوار‘، عالمی بینک کی داسو ڈیم کے لیے ایک ارب ڈالر کی منظوری

image
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔

منگل کو عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم داسو ڈیم کی تعمیر کے لیے فراہم کی جائے گی جس سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہو سکے گی۔

عالمی بینک کے ایگزیکٹیو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے داسو منصوبے کے فیز ون کے لیے فنڈنگ کی منظوری دی ہے۔

عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے پر 4320 میگاوٹ سے 5400 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ پہلے مرحلے میں بجلی کا پیداواری تخمینہ 2160 میگاواٹ ہے۔

پاکستان کے لیے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن ہسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے کو سستی، قابل اعتماد اور پائیدار توانائی کے حصول کے لیے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔

عالمی بینک کے مطابق اس منصوبے سے عوام کو سماجی و معاشی سہولیات تک رسائی ہو گی۔

داسو ہائیڈرو منصوبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں زیرتعمیر ہے۔ مکمل ہونے پر اس منصوبے کے تحت 4320 سے 5400 میگاواٹ بجلی بننے کی صلاحیت ہو گی۔

اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے اور یہ 2027 میں مکمل ہو گا۔

مارچ میں بھی عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔

عالمی بینک نے اس رقم کی منظوری ڈیجیٹل اکانومی اور بیراجوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے دی تھی۔

کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن ہسین کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنا معاشی اور سماجی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ڈیجیٹل اکانومی رابطوں کو وسعت دیتی ہے اور شہریوں اور اس سے کاروباری افراد بالخصوص خواتین کے لیے سرکاری اور مالیاتی خدمات تک رسائی ہوتی ہے۔‘

ناجی بن ہسین نے کہا تھا کہ ’2022 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے ایسی آفات کو روکنے کی اہمیت اجاگر کی۔ اس فنڈ کے ذریعے بیراجوں کو مضبوط بنانا اور ان کا انتظام کرنا شامل ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.