ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کا کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

image

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 22ویں میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پاکستان اور کینیڈا کی ٹیمیں آج نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں۔ 

آج کے میچ کے لیے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے افتخار احمد کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ سائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

بابر اعظم کے مطابق ٹیم میں مزید کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آج کے میچ میں اوپننگ سائم ایوب کریں گے۔ 

روایتی حریف انڈیا سے مایوس کن شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں زندہ رہنے کے لیے کینیڈا کے خلاف ہر صورت جیت درکار ہے۔

اگر کینیڈا کے خلاف پاکستان میچ ہار جاتا ہے تو اس صورت میں ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ سے گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو جائے گی۔

اگر یہ میچ بارش کے باعث منسوخ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں بھی گرین شرٹس کا سفر آج ہی ختم ہو جائے گا۔

سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو کینیڈا کے علاوہ اپنے آخری میچ میں آئرلینڈ کے خلاف بھی اچھے مارجن سے جیت حاصل کرنا ہوگی۔

صرف یہ ہی نہیں، گرین شرٹس کے مداحوں کو یہ بھی دعا کرنا ہوگی کہ امریکہ کو انڈیا اور آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست ہو۔

دوسری جانب اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو گروپ میں انڈیا چار پوائنٹس لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کینیڈا دو پوائٹنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان اور آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی20 میچ کھیلا جا چکا ہے۔

سنہ 2008 میں کھیلے گئے اس واحد ٹی20 میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو شکست دے دی تھی۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.