ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کو امریکہ کے خلاف پانچ پینلٹی رنز کیوں دیے گئے؟

image

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں انڈیا نے امریکہ کو سات وکٹوں سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بدھ کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں امریکہ کی جانب سے دیے گئے 111 رنز کے ہدف کو انڈیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

نیو یارک کی مشکل پِچ پر سوریا کمار یادو اور شِیوَم دُوبے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 50 اور 31 رنز بنائے۔

انڈیا کی اننگز میں دلچسپ موقع تب آیا جب امپائرز کی جانب سے امریکہ پر پانچ رنز کی پینلٹی لگائی گئی۔

ہوا کچھ یوں کہ 16ویں اوور کے آغاز سے قبل امپائر کی جانب سے سلو اوور ریٹ کا سگنل کیا گیا اور اس کے بعد امپائر نے امریکی کپتان ایرون جونز کو بلا کر بتایا کہ انڈیا کو پانچ رنز بطور پینلٹی دیے جا رہے ہیں۔

دراصل امپائر نے امریکہ پر یہ پینلٹی آئی سی سی کے نئے قانون کے تحت لگائی جس میں اگر بولنگ ٹیم اوور کے ختم ہونے کے ایک منٹ بعد نیا اوور کروانے کے لیے تیار نہ ہو تو اُسے وارننگ دی جاتی ہے۔

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کے قانون 41.9.4 کے مطابق اگر بولنگ ٹیم 60 سیکنڈز یعنی ایک منٹ کے بعد نیا اوور کروائے گی تو اُسے ایک وارننگ دی جائے گی۔

اسی طرح اگر بولنگ ٹیم دوبارہ اوور شروع کروانے میں 60 سیکنڈ سے زائد وقت لگاتی ہے تو اُسے دوسری اور آخری وارننگ دی جائے گی جبکہ تیسری  مرتبہ ایسا کرنے پر بولنگ ٹیم پر پانچ رنز کی پینلٹی لگائی جائے گی۔

اسی طرح بیٹنگ ٹیم کو بھی اوور ختم ہونے کے 60 سیکنڈز میں نیا اوور کھیلنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔

اگر بولنگ ٹیم نیا اوور کروانے کے لیے تیار ہو اور بیٹرز تیار نہ ہوں تو اِس صورت میں بھی امپائرز کی جانب سے بیٹنگ ٹیم پر پینلٹی لگائی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی نے 60 سیکنڈز کا قانون رواں برس یکم جون سے انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں متعارف کروایا تھا۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.