کوئٹہ: گاڑی چوری کیس میں ایس ایچ او گرفتار، ڈرائیور سمیت تھانے میں بند

image
کوئٹہ میں گاڑی چوری کے کیس میں پولیس نے ایس ایچ او  کو ڈرائیور سمیت  گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔

پولیس کے مطابق  ایک ہفتہ قبل کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر فتح خان مارکیٹ  کے سامنے سے حاجی جمعہ خان نامی شخص  کی ٹیوٹا کرولا گاڑی چوری ہوئی تھی۔

گاڑی چوری کا مقدمہ سول لائن پولیس تھانہ میں درج کیا گیا۔

گاڑی کے مالک حاجی جمعہ خان نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ گاڑی چوری کا مقدمہ درج کرانے کے باوجود پولیس کیس میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لے رہی تھی تو میں، میرے بیٹے اور گھر کے باقی افراد نے خود ہی گاڑی کی تلاش شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ہمیں اطلاع ملی کہ گاڑی جی او آر کالونی میں کھڑی ہے لیکن ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی چوروں نے وہاں سے گاڑی نکال لی تھی۔

’ہم نے گاڑی کی تلاش جاری رکھی اور شہر کے تمام پارکنگ پلازوں اور پارکنگ مراکز میں جاکر دیکھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ تلاش کے دوران گذشتہ شب کوئٹہ کے علاقے پشین سٹاپ پر ایک پارکنگ میں میرے بیٹے کو گاڑی کھڑی نظر آئی تو اس نے مجھے اطلاع دی۔ میں اپنے بھائیوں اور رشتہ داروں کو لے کر وہاں پہنچا اور پولیس کو بھی اطلاع دی۔ پولیس نے پارکنگ کے ملازم کو پکڑ لیا۔‘

حاجی جمعہ خان کے مطابق پارکنگ کے ملازم نے بتایاکہ یہ گاڑی کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانہ کے ایس ایچ او ملک محمد آصف کے ڈرائیور نے یہاں پارک کی تھی اور چھپانے کے لیے اس پر کپڑا بھی ڈالا گیا تھا۔

پارکنگ ملازم کے بقول ایس ایچ او اس سے قبل بھی گاڑیاں لاکر یہاں پارک کراتا تھا۔

گاڑی کے مالک نے بتایا کہ ہم نے ایس ایچ او ملک آصف کو کال کی کہ آپ  کا ڈرائیور کہاں ہے تو اس نے کہا کہ وہ کسی کام سے نکلا ہے۔ ’اس کے بعد جب اسے گاڑی برآمد ہونے کا بتایا تو اس نے یہ جھوٹا بیان دیا کہ یہ گاڑی بجلی روڈ تھانہ کی حدود میں  ایک جگہ لاوراث ملی۔ ہم نے کہا کہ گاڑی مل گئی تو تھانے لے جانے کے بجائے پارکنگ میں کیوں کھڑی کی؟۔انہوں نے الزام لگایا کہ ایس ایچ او اور چور آپس میں ملے ہوئے تھے۔

ڈی آئی جی آفس کوئٹہ کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز احمد گورائیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بجلی روڈ ملک محمد آصف اور ڈرائیور کو پہلے سے درج مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ  414 کے تحت گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے اور مزید تحقیقات کا حکم دے دیا۔

یہ دفعہ چوری  کا سامان چھپانے یا ضائع کرنے میں مدد کرنے سے متعلق ہے جس میں تین سال تک کی سزا اور جرمانہ دونوں ہوسکتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.