حج کے دوران پاکستانیوں کی اموات کی ویڈیوز ’پروپیگنڈا‘ ہیں: وفاقی وزیر چوہدری سالک

image

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران پاکستانی حجاج کو مدد نہ ملنے سے متعلق سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز پروپیگنڈا ہیں اور حاجیوں کو تمام سہولیات میسر تھیں۔

رواں ہفتے حج کے دوران اور اس کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایسی خبریں اور ویڈیوز گردش کر رہی تھیں کہ پاکستانیوں کو مشاعر مقدسہ پر گرمی کے موسم میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انہیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا۔

پاکستان حج مشن ان خبروں کی گذشتہ روز تردید کر چکا ہے اور اب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بھی انہیں پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

چوہدری سالک حسین پاکستانی حج مشن کی نگرانی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی حجاج کی اموات سے متعلق ویڈیوز پروپیگنڈا ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس سال پاکستانی سرکاری عازمین حج کے پاس ٹرین کی سہولت موجود تھی۔ اس کا فائدہ یہ ہوا کہ انہیں بسوں کا انتظار نہیں کرنا پڑا۔ وہ سیدھا ٹرین سٹیشن گئے اور مشاہیر کا سفر ٹرین کے ذریعے کیا۔‘

سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’جو ویڈیوز آپ دیکھ رہے ہیں ان میں زیادہ تر پاکستانی نہیں ہیں بلکہ دوسری قومیتوں کے لوگ ہیں۔‘

 

رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا (فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’یہ کہنے کے باوجود، اگر ایک شخص بھی احرام میں فوت ہو جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری (وزارت مذہبی امور کی) ذمہ داری ہے۔‘

اس سال حج کے موقعے پر شدید گرمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’یہاں پر درجہ حرارت 49 ڈگری تھا جو 51 ڈگری محسوس ہو رہا تھا۔ یہ غیرمعمولی درجہ حرارت تھا۔‘

رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا، جن میں سے 70 ہزار 105 سرکاری جبکہ 80 ہزار سے زائد نجی عازمین شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.