’مبارک ہو‘، سیمی فاننل میں پہنچنے پر افغان وزیر خارجہ کی راشد خان کو ویڈیو کال

image

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں پہنچنے پر جہاں افغانستان ٹیم کے کھلاڑی اور مداح خوشی سے نہال ہیں وہیں افغان حکومت بھی ٹیم کی عمدہ کارکردگی سے بے حد خوش ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں افغانستان نے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 8 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

اس شاندار جیت کے بعد افغانستان بھر میں عوام کا جشن دیکھا گیا جبکہ میچ کے بعد افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کپتان راشد خان کو ویڈیو کال کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں امیر خان متقی ویڈیو کال میں راشد خان کو مبارک باد دے رہے ہیں۔ 

د هېواد د بهرنیو چارو وزیر ښاغلي امیر خان متقي د نړیوال جام نیمه پایلوبو ته د افغان اتلانو د لارموندنې په پار لوبډلمشر راشد خان ته مبارکي ورکړه او لوبډلې ته یې د لا زیاتو بریاو غوښتنه وکړه، د دوی بشپړې ټیلیفوني خبرې اترې دلته اورېدلی شئ. pic.twitter.com/YMz3jI6Mwe

— Afghanistan Cricket Board (@ACBofficials) June 25, 2024

ویڈیو کال کنکٹ ہوتے ہی امیر خان متقی راشد خان کو سلام کے بعد کہتے ہیں، بہت مبارک ہو۔

جس پر راشد خان کہتے ہیں ’آپ کو بھی اور پورے ملک کو مبارک ہو۔‘

’ہم پہلی بار فائنل میں پہنچے ہیں جو بہت بڑی بات ہے، ہماری کوشش اور ہدف یہ ہے کہ اپنے ملک کا نام روشن کریں۔‘

راشد خان مزید کہتے ہیں کہ ’آپ نے ہمیشہ ہمارے لیے دعائیں کی ہیں اور سپورٹ کیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کھیل بڑا مزیدار ہو گیا ہے، کوشش ہے کہ آنے والے مقابلوں میں اس سے بڑھ کر کارکردگی دکھائیں اور اپنے ملک کو مزید خوشیاں دیں۔‘

دوسری جانب میچ کے بعد اختتامی تقریب میں بات کرتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ ’سیمی فائنل میں جانا ہمارے لیے ایک خواب ہے۔ ہمیں خود پر یقین تب آیا جب ہم نے نیوزی لینڈ کو شکست دی۔ یہ ناقابلِ یقین ہے۔‘ 

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں صرف ایک شخص نے سیمی فائنل میں شامل کیا تھا وہ برائن لارا تھے اور ہم نے انہیں صحیح ثابت کیا۔ جب ہم انہیں ویلکم پارٹی میں ملے تو ہم نے انہیں کہا کہ ہم آپ کی امید پر پورا اتریں گے۔‘

افغان کپتان نے مزید کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بھی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ ہمارے ملک میں عوام کتنی خوش ہوگی۔‘

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو گیانا میں انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.