سنسنی خیز فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست، انڈیا ٹی20 کرکٹ کا دوبارہ چیمپیئن

image

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سنسنی خیز فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر17 سال بعد ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا۔

سنیچر کو کینسنگٹن اوول سٹیڈیم بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا سکی۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے۔

انڈیا نے اس سے قبل 2007 میں پہلے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی  پہلی وکٹ صرف سات رنز پر گر گئی جب ریزا ہینڈرکس صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان ایڈن مارکرم بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں کوئی بڑا اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور صرف چار رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

ان کے بعد ٹرسٹن سٹبس نے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھاتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور آگے بڑھایا۔

ٹرسٹن سٹبس ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 31 رنزبنا کر اکشر پٹیل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔

وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی بال پر کلدیپ یادو کو کیچ دے بیٹھے۔

ہینری کلاسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی تیز ترین ففٹی بنا ڈالی، تاہم ان کی وکٹ گرنے کے بعد انڈین بولرز نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔

وہ  27 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد ہاردک پانڈیا کا شکار بنے، وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ان کا کیچ لیا۔

ہینری کلاسن نے  ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی تیز ترین ففٹی مکمل کی (فوٹو: اے پی)

اس کے بعد مارکو یانیسن کریز پر آئے، تاہم وہ صرف دو رنز ہی بنانے کے بعد بمراہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 

ڈیوڈ ملر نے ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہاردک پانڈیا کی بال پر کلدیپ یادیو نے ان کا کیچ لیا۔

اس کے بعد کاگیسو ربادا چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیشو مہاراج دو اور اینرک نوکیا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے تین، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جسپریت بمراہ کو شاندار بولنگ پر ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انڈیا کی اننگز

انڈیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے اوور میں اوپنرز روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔

ابتدائی اوور میں دونوں بیٹرز کی ہٹنگ سے محسوس ہو رہا تھا کہ اوپنرز طویل اننگز کھیلیں گے لیکن قسمت نے روہت شرما کا زیادہ ساتھ نہ دیا۔

کپتان روہت شرما کی صورت میں انڈیا کو پہلا نقصان ہوا۔ وہ دو چوکوں کی مدد سے نو رنز بنا کر ہینری کلاسن کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیشو مہاراج کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے رشبھ پنت بھی صفر پر چلتے بنے۔

اکشر پٹیل نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 47 رنز بنائے (فوٹو: گیٹی)

سوریا کمار یادو کا بلا بھی نہ چل سکا اور وہ صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اکشر پٹیل کریز پر اترے اور انڈیا کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ وہ چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 47 رنز بنائے کے بعد وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

وراٹ کوہلی ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے اور ایونٹ میں اپنی پہلی نصف سینچری بنائی۔ کوہلی نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 76 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی سکور 176 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہیں عمدہ کارگردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے بعد انٹرویو میں انہوں نے ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انڈیا کے لیے یہ آخری ورلڈ کپ تھا۔

رویندر جدیجہ صرف دو رنز بنا سکے، شیوم دوبے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

وراٹ کوہلی نے 59 گیندوں پر 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے (فوٹو: گیٹی)

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اوراینرک نوکیا نے دو دو جبکہ مارکو یانیسن اور کاگیسو ربادا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ انڈیا دس سال بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہا تھا جبکہ جنوبی افریقہ پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا تھا، تاہم بھرپور کوشش کے باوجود وہ ٹی 20 کا چیمپئن نہ بن سکا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے دونوں مراحل میں دونوں ٹیمیں ناقابل شکست رہی تھیں۔جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔دوسری جانب انڈیا نے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

انڈیا کے پلیئنگ الیون

روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، سوریا کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، رویندر جدیجہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ انڈین پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مارکرم (کپتان)، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن سٹبس، مارکو یانیسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینرک نوکیا اور تبریز شمسی جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.