بالی وڈ کے سپرسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ ’انہیں یقین ہے کہ رواں برس اپریل میں ممبئی میں واقع اُن کی رہائش گاہ پر فائرنگ میں لارنس بِشنوئی گینگ ملوث ہے۔‘انڈیا خبر رساں ایجنسی (پریس ٹرسٹ آف انڈیا) پی ٹی آئی کے مطابق سلمان خان نے ممبئی پولیس کو دیے گئے بیان میں مزید کہا کہ ’لارنس بِشنوئی گینگ اُنہیں اور اُن کی فیملی کو قتل کرنا چاہتا ہے۔‘بالی وڈ سُپرسٹار کا یہ بیان ممبئی پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ کا حصہ ہے۔
سلمان خان نے اپنے بیان میں پولیس کو مزید بتایا کہ ’وہ 14 اپریل کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ ’گیلکسی‘ میں سو رہے تھے کہ اس دوران انہوں ںے علی الصبح زوردار دھماکے کی آواز سنی۔‘ ’فائرنگ کی آواز سُن کر میں جاگ گیا اور صورتِ حال معلوم کرنے کے لیے گیلری میں چلا گیا، تاہم دیکھا تو باہر کوئی نہیں تھا۔‘ان کے مطابق ’تھوڑی دیر بعد عمارت کی سکیورٹی پر مامور گارڈ اُن کے فلیٹ کے باہر پہنچ گئے اور انہیں واقعے سے آگاہ کیا۔‘’مجھے پولیس کے باڈی گارڈ نے صبح 4 بج کر 55 منٹ پر بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے رہائش گاہ کی پہلی منزل کی بالکونی پر فائرنگ کی۔‘ بعدازاں ممبئی پولیس نے ان دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا جنہوں نے مبینہ طور سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔پولیس کے مطابق دونوں افراد کا تعلق لارنس بشنوئی کے گینگ سے ہے۔24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ کمار پلاک نے فائرنگ کی تھی اور اب وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔اس کیس میں اب تک جو ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں اِن میں وکی کمار گپتا اور ساگر کمار پال کے علاوہ سونو کمار بشنوئی، انوج کمار تھاپن، (اب مر چکے ہیں) محمد رفیق چودھری اور ہرپال سنگھ شامل ہیں۔
سلمان خان پر فائرنگ کے واقعے کے ایک ملزم نے پولیس کی حراست میں خودکشی کر لی تھی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
اِن میں سے تھاپن نے مبینہ طور پر پولیس کی حراست میں خودکشی کر لی تھی جبکہ دیگر پانچ ملزمان عدالتی تحویل میں ہیں۔پولیس نے ایک ہزار 735 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کیسز کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دی ہے۔گذشتہ برس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سلمان خان جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں۔گینگسٹر گولڈی برار نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہم نے گلوکار سدھو موسے والا کو مارا اور اب ہر حال میں سلمان خان کو نشانہ بنائیں گے۔‘واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران سلمان خان کو جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں جن میں کچھ خطوط اور کچھ فون کے ذریعے دی گئیں۔اس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا اور سلمان خان کے گھر کے باہر بھی پہرہ لگا دیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس نے ایک ہزاز 735 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ خصوصی عدالت میں جمع کروا دی ہے (فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
گولڈی برار کا کہنا تھا کہ ’سلمان خان کو قتل کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا مشن اور مقصد ہے۔‘انہوں نے لارنس بشنوئی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’بھائی صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ان (سلمان خان) کو معافی نہیں دیں گے۔‘بالی وڈ اداکارہ کا بیان میں کہنا تھا کہ ’میں نے سنا ہے کہ گینگسٹر لارنس بِشنوئی اور ان کے بھائی انمول بِشنوئی نے فیس بُک پر ایک پوسٹ کے ذریعے مجھ پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔‘ لارنس بشنوئی اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں، اُن پر کئی ہائی پروفائل افراد کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات اور مقدمات ہیں۔ ان میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا، راجپوت لیڈر اور کرنی سینا کے سربراہ سکھ دیو سنگھ سمیت کئی دیگر کیسز بھی شامل ہیں۔