شاہ رخ خان نے نہ صرف گذشتہ سال آنے والی ایکشن تھرلر فلم 'جوان' میں اپنے کردار کے لیے ایوارڈ حاصل کیا بلکہ ایک بڑی انڈین آبادی والے شہر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں منعقدہ اس تقریب کی شریک میزبانی بھی کی۔
’مجھے ایوارڈز بے حد پسند ہیں، جب ایوارڈز کی بات آتی ہے تو میں لالچی واقع ہوا ہوں۔ میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ میری واپسی ہوئی ہے۔‘
یہ الفاظ بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہلائے جانے والے سپر سٹار شاہ رخ خان نے ابوظہبی میں منعقدہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کے بعد مداحوں سے کہی۔
شاہ رخ خان چار سال کے وقفے کے بعد سنہ 2023 میں فلموں میں واپسی کا ذکر کر رہے تھے۔
انھوں نے بالی وڈ کے ستاروں سے سجی محفل میں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ رواں سال مجھے ناظرین کے لیے تھوڑی خوشی ہے کیونکہ میں نے طویل عرصے کے بعد (دوبارہ) کام کیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر اس آئیفا ایوارڈ کے تقریب سے متعلق کافی باتیں ہو رہی ہیں اور بعض فلم شائقین کا کہنا ہے کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ رنبیر کپور کو فلم ’اینیمل‘ میں ان کی اداکاری کے لیے ملنا چاہیے تھا۔
بہر حال فلم ’اینیمل‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ کے ساتھ متعدد ایوارڈ ملے جس میں انیل کپور کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی شامل تھا۔
شاہ رخ خان انڈیا میں ایک مقبول نام ہیں اور ملک کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں سے ایک ہیں جن کے دنیا بھر میں بے شمار مداح ہیں۔
انھوں نے نہ صرف گذشتہ سال آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’جوان‘ میں اپنے کردار کے لیے ایوارڈ حاصل کیا بلکہ ایک بڑی انڈین آبادی والے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں منعقدہ اس تقریب کی شریک میزبانی بھی کی۔
سٹیج پر ان کا استقبال آتش بازی سے کیا گیا، اور پورا پروگرام گویا ان کے لیے خراج تحسین تھا۔
لیکن شاہ رخ خان نے اپنی تقریر کے دوران اس ایوارڈ کی دوڑ میں شامل تمام اداکاروں کی تعریف کی جن میں رنبیر کپور اور سنی دیول بھی شامل تھے۔ انھوں نے فلم جوان میں شامل تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور دیپکا پاڈوکون کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خان کی بگ سکرین پر واپسی گذشتہ سال بالی وڈ کی سب سے بڑی کامیابیوں کی کہانی تھی۔ اسی سال ان کی جاسوسی پر مبنی فلم ’پٹھان‘ بھی آئی تھی اور اس نے کمائی کا ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس فلم میں 58 سالہ اداکار نے ایک ایکشن ہیرو کا کردار ادا کیا ہے جبکہ وہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اپنے فلمی کريئر کے دوران رومانوی ہیرو کا کردار ادا کرنے کے لیے مشہور رہے ہیں۔
بڑے پردے پر ان کی واپسی ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والی ناکامیوں کے بعد ہوئی ہے۔ ان میں منشیات رکھنے کے جعلی الزامات میں ان کے بیٹے آرین خان کی گرفتاری بھی شامل ہے، جنھیں بعد میں الزامات سے بری کر دیا گيا جبکہ اس سے قبل ان کی بعض فلمیں توقعات کے مطابق کامیاب نہ ہو سکیں۔
’اہم ترین کلچرل سفیر‘
لیکن اس دوران لائم لائٹ سے ان کی دوری سے ان کی مقبولیت میں کمی کا امکان نہیں ہے۔ دلکش اور مزاحیہ انداز میں اپنی بات کہنے والے اداکار کو اکثر بالی وڈ کی ’سب سے اہم ثقافتی برآمد‘ کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ ان کے لاکھوں مداح انھیں پیار سے ’کنگ خان‘ یا بالی وڈ کا ’بادشاہ‘ کہتے ہیں۔
سنیچر کے روز ہونے والی تقریب میں بالی وڈ کے دیگر میگا سٹارز نے بھی شرکت کی، جن میں رانی مکھرجی، انیل کپور اور بوبی دیول شامل تھے۔
رانی مکھرجی کو بچوں کی تحویل پر مبنی فلم ’مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا جبکہ ودھو ونود چوپڑا کو ’12ویں فیل‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گيا اور بابی دیول کو منفی کردار میں بہترین اداکاری کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
جبکہ سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’اینیمل‘ کو چھ ایوارڈز ملے جن میں بہترین فلم اور انیل کپور کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ شامل ہیں۔
فلم ساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے شاہ رخ خان کے ساتھ تقریب کی میزبانی کی۔ معروف فلم ساز کو سینما میں ان کے 25 سال مکمل ہونے پر خصوصی ایوارڈ سے بھی نوازا گيا۔
اداکار وویک اوبرائے نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے سٹیج سے کہا کہ ’بہت سے لوگوں کو شہرت اور طاقت حاصل ہے لیکن شاہ رخ خان آپ کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ اس اختیار سے لوگوں کو بااختیار بناتے ہیں۔‘
سوشل میڈیا اور آئیفا
سوشل میڈیا پر رانی مکھر جی اور شاہ رخ خان کی ان کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے سین کے لیے بھی تعریف کی جا رہی ہے۔
ایمی سٹون نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے آئیفا 2024 میں پیش کیے گئے متعدد ایوارڈز پر سوال ہے لیکن جوان میں آپ کی تمام تر لگن اور محنت کے لیے آپ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ ایمانداری کی بات ہے کہ جوان اور بھی ایوارڈز کا مستحق تھا۔‘
بہت سے صارفین نے لکھا کہ ’ایوارڈ کی تقریر میں شاہ رخ خان نے سب کی تعریف کی وہ صحیح معنوں میں سونے کے دل والے شخص ہیں۔‘
کیڈیا وشیش نامی ایک صارف نے آئیفا کی ایک کلپ جس میں وکی کوشال اور شاہ رخ خان ڈانس کر رہے ہیں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’یقین مانیے کہ وہ (شاہ رخ) دو برسوں میں 60 سال کے ہو جائيں گے لیکن شاہ رخ ہر فریم میں وکی کوشال کو مات دے رہے ہیں۔ یہ کیسی انرجی ہے۔‘
بہت سے لوگوں نے جنوبی ہند کی معروف اداکارہ سامنتھا پربھو کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جنھیں ’وومن آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
پارا فدا نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’اس میں کیا منطق ہے کہ بترین فلم کا ایوارڈ تو اینیمل کو دیا گیا لیکن بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہ رخ خان کو جوان کے لیے دیا گیا۔ مجھے بالی وڈ ایوارڈ میں تو کبھی بھی دلچسپی نہیں تھی لیکن اتنی چاپلوسی!‘
اس کے جواب میں ایک اور صارف نے لکھا کہ ’میں شاہ رخ کو چاہتا ہوں لیکن وہ اس سال بہترین اداکار کے ایوارڈ کے قریب بھی نہیں تھے۔ ایک بار کے لیے رنبیر کو الگ رکھتے ہیں۔‘
’اس کے باوجود شاہ رخ سے زیادہ اچھی اداکاری اور بھی ہوئی ہے۔ آئیفا نے بہت پہلے ہی اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ جو کوئی بھی ایوارڈ میں شامل ہوگا وہ انھیں ایوارڈ دے دیں گے۔‘
ایک صارف نے صرف اتنا لکھا کہ ’میں شاہ رخ خان کا فین ہوں لیکن یہ ایوارڈ اینیمل میں کارکردگی کی وجہ سے رنبیر کپور کا ہی بنتا تھا۔‘