بالی وڈ یا ہندی سنیما میں اقربا پروری کی باتیں ایک زمانے سے ہوتی رہی ہیں، یہ کتنی درست ہیں یہ ایک الگ معاملہ ہے لیکن اگر آپ اس کی صد سالہ تاریخ پر نظر دوڑائیں تو اس میں چند خاندانوں کی اجارہ داری نظر آتی ہے۔آج ہم بالی وڈ کے ایک ایسے خاندان کی بات کرنے جا رہے ہیں جس کی شاخیں اور جڑیں آپ کو پوری فلم انڈسٹری میں پھیلی نظر آئیں گی۔
ہم کپور خاندان کی نہیں بلکہ گانگولی اور مکھرجی خاندان کی بات کر رہے ہیں۔ آپ کہیں گے کہ فلم انڈسٹری میں تو ایک بھی گانگولی نہیں ہے پھر یہ خاندان کس طرح ایک عرصے تک فلموں پر راج کرتا رہا ہے اور اس کے بیل بوٹے اب بھی تروتازہ نظر آتے ہیں۔
بعد میں اس گانگولی اور مکھرجی خاندان میں سامرتھ خاندان بھی جڑ جاتا ہے اور یوں یہ کنبہ مزید بڑا اور وسیع ہو جاتا ہے۔پہلے گانگولی خاندان کی بات کرتے ہیں۔ انڈین سنیما میں گانگولی خاندان کی ابتدا دراصل اشوک کمار، کشور کمار اور انوپ کمار سے ہوتی ہے۔ اشوک کمار کا اصل نام کُمُد لال گانگولی تھا لیکن انہوں نے فلموں میں اشوک کمار کے نام سے ابتدا کی۔ ان کے والد کنج لال گانگولی پیشے سے ایک وکیل تھے جبکہ ان کی والدہ گوری دیوی ایک گھریلو خاتون تھیں۔اشوک کمار بہار کے بھاگلپور میں سنہ 1911 میں پیدا ہوئے۔ وہ تین بھائی تھے اور تینوں نے فلم کی دنیا میں نام کمائے۔ ان کی ایک بہن تھیں ستی دیوی جن کی شادی ششدھر مکھرجی سے ہوئی تھی چنانچہ یہ گانگولی خاندان مکھرجی خاندان سے منسلک ہو گیا۔اشوک کمار سے 16 سال چھوٹے بھائی کلیان کمار گانگولی تھے جنھوں نے فلموں میں آنے کے بعد اپنا نام انوپ کمار رکھا۔ اور سب سے چھوٹے آبھاس کمار گانگولی ٹھہرے جنھیں ساری دنیا کشور کمار کے نام سے جانتی ہے، اور اداکاری کے ساتھ انھوں نے گلوکاری میں زیادہ نام کمائے۔ان تینوں بھائیوں نے اگرچہ ایک ساتھ چند فلمیں ہی کیں جن میں ’چلتی کا نام گاڑی‘، ’بندی‘، ’جھمرو‘، ’بھائی بھائی‘، ’چلتی کا نام زندگی‘ وغیرہ شامل ہیں۔ لیکن انھوں نے الگ الگ سینکڑوں فلمیں کیں اور بنگال سے لے کر بمبئی (آج ممبئی) تک ان کا راج نظر آتا تھا۔اگر آپ دیکھیں تو اشوک کمار اور انوپ کمار کے بچے فلموں میں نظر نہیں آتے لیکن کشور کمار نے چار شادیاں کیں اور اس طرح ان کی شاخیں زیادہ پھیلی نظر آتی ہیں۔ انھوں نے پہلی شادی روما گوہا ٹھاکرتا سے کی جو کہ لیجنڈری فلم ساز ہدایت کار ستیہ جیت رے کی بھانجی تھیں۔ان کی دوسری شادی معروف اداکارہ مدھوبالا سے ہوئی جبکہ تیسری شادی اداکارہ یوگیتا بالی سے ہوئی جو کہ ادکارہ گیتا بالی کی بھتیجی تھیں، جبکہ گیتا بالی اداکار شمی کپور کی بیوی تھیں۔ جب کشور کمار نے یوگیتا بالی کو طلاق دی تو پھر ان کی شادی اداکار متھن چکرورتی سے ہوئی۔کشور کمار کی چوتھی شادی اداکارہ لینا چندرورکر سے ہوئی۔ کشور کمار کے بیٹے امت کمار نے گلوکاری کی دنیا میں نام ضرور کمایا۔کشور کمار نے یوگیتا بالی کو طلاق دی تو پھر ان کی شادی اداکار متھن چکرورتی سے ہوئی۔ (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)اب بات کرتے ہیں مکھرجی خاندان کی جن میں اشوک کمار کی بہن ستی دیوی کی شادی ہوئی تھی۔ششدھر مکھرجی انڈیا کے معروف فلمساز ہیں جنھوں نے اشوک کمار اور دیویکا رانی وغیرہ کے ساتھ مل کر فلمستان سٹوڈیو قائم کیا، اور پھر انھوں نے اپنا علیحدہ سٹوڈیو فلمالیہ بھی قائم کیا۔ ان کے تین بھائی تھے جن میں سے سبودھ مکھرجی فلم کی دنیا میں آئے باقی فلموں سے الگ رہے۔سبودھ مکھر جی نے کچھ مشور فلمیں دی ہیں جن میں ’پیئنگ گیسٹ‘، ’منیم جی‘، ’اپریل فول‘، ’شاگرد‘ اور ’جنگلی‘ وغیرہ شامل ہیں۔ اس میں سے بعض میں انہوں نے اپنے بھیتیجے جوئے مکھرجی کو کاسٹ کیا ہے۔ششدھر مکھرجی کے پانچ بیٹے ہوئے جن میں سے چند ایک فلموں سے وابستہ رہے۔ رونو مکھرجی نے الگ راہ اپنائی جبکہ جوئے مکھرجی نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور ہندی کی چند ہٹ فلمیں دیں جن میں ’شاگرد‘، ’ایک مسافر ایک حسینہ‘ اور ’اپریل فول‘ وغیرہ شامل ہیں۔دیب مکھرجی نے کم عرصے کے لیے اداکاری کی لیکن ان کی پہلی شادی سے جو ایک بیٹی پیدا ہوئی جن کی معروف فلم ساز اور ہدایت کار آسوتوش گواریکر سے شادی ہوئی، اور وہ فلم ’لگان‘، ’سودیش‘ اور ’جودھا اکبر‘ کے لیے جانے جاتے ہیں۔ دیب مکھرجی کے بیٹے آیان مکھرجی بھی فلم ساز ہیں اور انھوں نے ’ویک اپ سڈ‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’برہماستر‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں اور انھوں نے رنبیر کپور پر زیادہ اکتفا کیا ہے۔آیان مکھرجی بھی فلم ساز ہیں اور انھوں نے ’ویک اپ سڈ‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’برہماستر‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں۔ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)پانچویں بھائی شومو مکھرجی کی شادی اداکارہ تنوجا سے ہوئی جن سے اداکارہ کاجول اور تنوشا ہیں۔ تنوشا نے تو زیادہ کامیابی حاصل نہیں کی لیکن کاجول انڈین فلم انڈسٹری میں چوٹی کی اداکارہ رہیں اور انھوں نے بہترین اداکاری کے لیے سب سے زیادہ مشترکہ پانچ ایوارڈ حاصل کیے۔اداکارہ تنوجا سے ہونے والی یہ شادی گانگولی اور مکھرجی خاندان کو سامرتھ خاندان سے جوڑ دیتا ہے۔ تنوجا کی والدہ شوبھنا سامرتھ تھیں جن کی ایک بیٹی نوتن ہیں تو دوسری تنوجا ہیں۔ اور دونوں نے ایک عرصے تک فلموں میں ادکاری سے اپنا سکہ قائم رکھا۔ نوتن نے اپنی بھانجی سے قبل بہترین اداکاری کے سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کیے تھے۔شوبھنا سامرتھ کے اپنے ماموں کی لڑکی اداکارہ نلنی جیونت ہیں جنھوں نے بہت نام کمایا۔ ان کی دو شادیاں ہوئیں جبکہ شوبھنا کی والدہ رتن بائی تھیں وہ مراٹھی فلموں کی اداکارہ اور معروف گلوکارہ تھیں۔ رتن بائی کے ایک کزن کمار سین سامرتھ تھے جن سے شوبھنا نے شادی کی اور سامرتھ بن گئیں اور اس طرح سامرتھ خاندان بھی اس بڑے خاندان کا حصہ بن جاتا ہے۔نوتن کی شادی اگرچہ ایک غیرفلمی خاندان میں ہوئی لیکن ان کے بیٹے مونیش بہل فلموں سے وابستہ ہیں اور معروف فلموں میں سیکنڈ لیڈ یا کریکٹر رول میں عام طور پر نظر آتے ہیں۔ جبکہ تنوجا کی دو بیٹیاں ہوئی اور دونوں فلموں میں ہیں۔ کاجول نے اداکار اجے دیوگن سے شادی کی جبکہ تنوشا کچھ دنوں تک ارمان کوہلی کے ساتھ رہیں پھر ان سے الگ ہو گئیں۔نوتن نے اپنی بھانجی کاجل سے قبل بہترین اداکاری کے سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کیے تھے۔ (فوٹو: ایکس)ان سب میں ایک رانی مکھرجی بھی ہیں جو کہ ششدر مکھرجی کے بڑے بھائی رویندر مکھرجی کے بیٹے رام مکھرجی کی بیٹی ہیں۔ رانی مکھرجی کے بھائی راجہ مکھرجی ہیں جو کہ فلم ساز ہیں۔ان کے خانوادے میں ایک نام کیارا اڈوانی کا بھی ہے۔ ان کے سوتیلے پردادا اشوک کمار ہیں۔ اشوک کمار کی بیٹی بھارتی دیوی نے اداکار سعید جعفری سے شادی کی تھی۔ کیارا اڈوانی کے بھائی موسیقار ہیں جبکہ سعید جعفری کی بیٹی شاہین جعفری ماڈل رہی ہیں۔اس طرح اگر اور غور سے دیکھا جائے تو ان تینوں خاندان کے اور بھی لوگ مل جائیں گے جو فلمی دنیا سے وابستہ ہیں۔ اگر ایسے میں اقربا پروری کی بات ہوتی ہے تو یہ کوئی انوکھی بات نہ ہو گی۔