الیکٹرک کاروں کی بہار: وہ پانچ گاڑیاں جو پاکستان آٹو شو میں متعارف کرائی گئیں

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کو لے کر کس قدر دلچسپی ہے، اس کا اندازہ ہمیں پاکستان آٹو شو کے دوران ہوا۔ یہاں برقی کاروں، موٹر بائیکس اور حتیٰ کہ رکشے دیکھنے کے لیے ایک بھیڑ جمع تھی۔

آٹو شو

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کو لے کر کس قدر دلچسپی ہے، اس کا اندازہ ہمیں پاکستان آٹو شو کے دوران ہوا۔ یہاں برقی کاروں، موٹر بائیکس اور حتیٰ کہ رکشے دیکھنے کے لیے ایک بھیڑ جمع تھی۔

25 سے 27 اکتوبر تک پاکستان آٹو شو (پیپس) 2024 میں درجنوں برانڈز اور وینڈرز نے اپنے سٹال لگا رکھے تھے مگر سب سے زیادہ توجہ وہاں متعارف کرائی گئی نئی الیکٹرک گاڑیوں کو مل رہی تھی۔

اس ایونٹ کے پہلے روز پاکستان میں اسمبل کی گئی پلگ اِن ہائبرڈ کار ایم جی ایچ ایس کو لانچ کیا گیا۔ جبکہ ’ٹیسلا کِلر‘ کے نام سے مقبول بی وائے ڈی کی جانب سے دو الیکٹرک گاڑیاں بھی متعارف کرائی گئی۔

آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس آٹو شو میں کون کون سی گاڑیاں نظر آئیں اور کمپنیوں نے ان کے بارے میں کیا بتایا۔۔۔

چنگان لیومن

چنگان لیومن: وہ کار جو صرف دکھائی گئی

چنگان کی چھوٹی الیکٹرک کار لیومن کو کمپنی کے سٹال پر ڈسپلے ضرور کیا گیا مگر پاکستان میں اس کی لانچ کے بارے میں تفصیلات یا قیمت نہیں بتائی گئیں۔

اس کار میں صرف دو دروازے ہیں مگر چار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس میں قریب 28 کلو واٹ کی بیٹری ہے جو اسے لگ بھگ 300 کلو میٹر کی رینج دلاتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار قریب 100 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

شہر میں چلانے کے لیے ڈیزائن کی گئی اس کار میں ڈرائیونگ کے مختلف موڈز جیسے ایکو اور سپورٹس موجود ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آیا یہ کار پاکستانی مارکیٹ میں لائی جاتی ہے یا نہیں۔ کمپنی کے ایک نمائندے کے مطابق اگلے چار ماہ میں اس حوالے سے کوئی اعلان ہوسکتا ہے۔

بی وائے ڈی

بی وائے ڈی کی الیکٹرک ایس یو وی جس کی قیمت 90 لاکھ

بی وائے ڈی نے پاکستان میں بالآخر اپنی دو کاریں متعارف کرائی ہیں جن میں آٹو تھری اور سیل شامل ہیں۔

آٹو تھری میں 49.92 کلو واٹ کی بیٹری اور 410 کلو میٹر کی رینج ہے۔ اس کی قیمت لگ بھگ 90 لاکھ روپے ہے۔

جبکہ سیل میں دو اقسام ہیں جن کی قیمتیں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ اس کی 82.5 کلو واٹ کی بیٹری کی مدد سے 570 کلو میٹر کی رینج حاصل کی جا سکتی ہے۔

کِیا ای وی فائیو: وہ کار جو آپ کو 600 کلو میٹر کی رینج دے سکتی ہے

کورین آٹو کمپنی کِیا نے پاکستان میں اپنی پہلی الیکٹرک کار لانچ کی ہے جس کے دو ورژن ہیں: کِیا ای وی فائیو ایئر اور ارتھ۔ دونوں کی حد رفتار 185 کلو میٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔

ان میں تیز چارجنگ کا بھی فیچر ہے جس کی مدد سے آپ کی بیٹری ڈیڑھ گھنٹے میں 100 فیصد چارج ہوسکتی ہے۔

کِیا ای وی فائیو ایئر کی رینج 490 کلو میٹر جبکہ ارتھ کی رینج 620 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔

مگر یہ گاڑی بظاہر پاکستانی مارکیٹ کے لحاظ سے خاصی مہنگی ہے۔ ایئر کی قیمت ایک کروڑ 85 لاکھ جبکہ ارتھ کی قیمت دو کروڑ 35 لاکھ روپے بنتی ہے۔

ایم جی ایچ ایس

ایم جی ایچ ایس (پلگ اِن ہائبرڈ)

ایم جی کی کار ایچ ایس تو پہلے ہی پاکستان میں 2021 کے دوران آ چکی تھی مگر اب اس کا ایک پلگ اِن ہائبرڈ ورژن متعارف کرایا گیا ہے۔

اس کار کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پیٹرول انجن اور الیکٹرک بیٹری دونوں ہی موجود ہیں، یعنی آپ اس کار کو چارج کر کے 50 کلو میٹر کی رینج حاصل کر سکتے ہیں مگر باقی سفر پیٹرول ڈلوا کر کرنا پڑے گا۔

چھ ایئر بیگز والی اس کار میں 360 ڈگری کیمرا، ایم جی پائلٹ (مصنوعی ذہانت) اور آٹو ایمرجنسی بریک جیسے کچھ فیچر اسے قدرے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

کمپنی نے اس کار کی قیمت تو نہیں بتائی مگر اس کی پری بُکنگ جاری ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس کی قیمت ایک کروڑ روپے تک ہوسکتی ہے۔

ہنڈائی

ہنڈائی ایلانٹرا ہائبرڈ

پاکستانی صارفین کو حالیہ عرصے میں الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ہائبرڈ گاڑیوں کی بھی کئی آپشنز مل گئی ہیں۔

اس کی تازہ مثال ہنڈائی کی ایلانٹرا ہائبرڈ ہے۔ اس کار میں کیلیس انٹری، کروز کنٹرول، پارکنگ سینسر، پش سٹارٹ اور 10 انچ کی سکرین نصب ہے۔ یہ فیچرز اسے ایک جدید سڈان بناتے ہیں۔

اس میں اے بی ایس بریکس، ایمرجنسی سگنل سٹاپ، ٹریکشن کنٹرول اور پارکنگ بریک جیسے سیفٹی فیچرز بھی ہیں۔

مگر یہ سب خصوصیات اس کار کو کافی مہنگا بھی بنا دیتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس کی قیمت 97 لاکھ روپے ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.