شہید بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی، ملک بھر میں تقریبات

image

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 18ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر یادگاری تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

برسی کے سلسلے کی مرکزی تقریب آج سہ پہر لاڑکانہ میں نوڈیرو کے قریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد ہوگی، جہاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ ملک بھر سے پارٹی رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں ان کے جمہوری، جامع اور روشن خیال پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ایک ایسی عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جن کی جدوجہد اور قربانی کو پاکستان کے جمہوری سفر سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آئین کی بالادستی، پارلیمان کے اختیار اور عوام کے حقِ انتخاب کے لیے چٹان کی طرح کھڑی رہیں، جبکہ ان کا وژن ایک ایسے وفاق کا تھا جہاں تمام مذاہب کے شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US