کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی، سردی میں اضافہ متوقع

image

محکمہ موسمیات نے شہر میں موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا اور منگل سے بدھ کے درمیان یہ مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی میں بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

کراچی میں 30 دسمبر کو موسم سرما کی پہلی بارش کا امکان ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن میں موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، جہاں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 14، اڑنگ کیل میں منفی 7، گلگت اور چترال میں منفی 4، کوئٹہ میں منفی 3، اسلام آباد اور لاہور میں 7 جبکہ پشاور میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US