وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کیپٹل ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیپٹل ایلیٹ ٹریننگ کورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے کورسز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے راپلنگ سمیت مختلف فزیکل مشقوں اور عملی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے ٹریننگ سنٹر میں جاری ترقیاتی اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا اور دستیاب جدید تربیتی سہولیات کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کے افسران اور انسٹرکٹرز سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے موجودہ خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی تربیت اور رسپانس ٹائم میں مزید بہتری ناگزیر ہے۔
محسن نقوی نے زیرِ تربیت جوانوں کی مہارت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ ٹریننگ اسکول سیکیورٹی فورسز کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وفاقی وزیر داخلہ کو ایلیٹ ٹریننگ اسکول میں جاری تربیتی سرگرمیوں، سیکیورٹی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی، جس میں زیرِ تربیت اہلکاروں کی فائرنگ اسکلز پر خصوصی توجہ شامل تھی۔