ٹی 20 ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائنگ میچ میں سعودی عرب کے اوپنر عبدالوحید ایک تلخ تجربے سے گزرے ہیں کیونکہ ان کی پہلی سنچری بیکار ثابت ہوئی۔عرب نیوز کے مطابق گذشتہ روز قطر کے شہر دوحہ میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائر بی کے اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب کو بحرین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹی 20 میچ میں بحرین کے 5 وکٹوں پر 188 کے تعاقب میں اوپنر وحید کے 110 رنز کے باوجود سعودی ٹیم 3 رنز سے میچ ہار گئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا سکی۔بحرین کے خلاف میچ کی آخری گیند پر جیت کے لیے چار رنز درکار تھے تاہم وحید اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عمران انور کے آخری اوور میں سعودی عرب کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے۔فروری کے شروع میں کمبوڈیا کے خلاف 99 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد وحید آخر کار اپنے سنچری تک پہنچ گئےتاہم ان کی ٹیم فتح درج کرانے میں ناکام رہی۔ وحید کی بیٹنگ میں 55 گیندوں پر110 رنز بنانے میں آٹھ چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔سعودی عرب نے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ سے قبل ٹاس جیت کر بحرین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بحرین ٹیم کے کپتان حیدر علی نے سکور 188 رنز تک پہنچانے میں 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
بحرین کے 188 رنز کے تعاقب میں سعودی ٹیم 185 رنز بنا سکی۔ فوٹو عرب نیوز
عمران انور نے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ حیدر اور انور نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 66 گیندوں پر 95 رنز کی شراکت داری کی۔
سعودی عرب کے بولرز اشتیاق احمد اور عثمان نجیب نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔متاثر کن سکور کا تعاقب کرتے ہوئے وقفے وقفے سے سعودی ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں لیکن وحید نے رفتار کو آخر تک برقرار رکھا۔ نائب کپتان عبدالمنان علی نے 19 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔بحرین کے علی داؤد، عمران خان اور عمران انور نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سعودی اوپنر وحید نے 8 چوکے اور 7 چھکے لگا کر 110 رنز بنانے۔ فوٹو عرب نیوز
میچ کے بعد سعودی اوپنر عبدالوحید نے میچ ہارنے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا مجھے خود پر یقین تھا کہ میچ کو آخر تک لے جا کر ہم جیت سکتے ہیں۔
مجھے لگتا تھا کہ آخری دو اوورز میں 18 رنز ممکن ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم ایسا نہیں کر سکے۔ ہمیں کچھ مشکل گیندوں کا سامنا کرنا پڑا۔