’ویلکم 2025‘، جارجیا 16 منزلہ عمارت دھماکے سے اڑا کر استقبال کرے گی

image

امریکہ کی جنوب مشرقی جارجیا میں نئے سال کی آمد کے موقع پر ایک بہت بڑا دھماکہ ہونے جا رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جارجیا کی کاؤنٹی میکون کے کمیشن نے نئے سال کے موقع پر آدھی رات ایک 16 منزلہ خالی عمارت کو دھماکے سے اڑانے کی منظوری دی ہے۔

رپورٹ میں مقامی میڈیا اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ میکون کاؤنٹی نے پچھلے برس ساڑھے 45 لاکھ ڈالر کے عوض ایک ہوٹل کی عمارت خریدی تھی اور اب اس کی مسماری کے لیے 20 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں ایک فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔

میکون کے میئر مِلر نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ ’ہم نے اس عمارت کو اڑانے کے لیے حاصل کیا ہے۔‘

یہ ہوٹل 1970 میں کھولا گیا تھا اور یہاں قیام کرنے والے مہمانوں میں ایلوس بھی شامل تھے، تاہم ہوٹل معاشی طور پر کبھی کامیاب نہ ہو سکا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نیویارک کے بینکنگ ڈیپارٹمنٹ نے اس ہوٹل کو 1991 میں سِیلڈ کر دیا تھا اور اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ یہ ایک ایسا اثاثہ تھا جو بینک آف کریڈٹ اینڈ کامرس کی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ سکیم کا حصہ تھا۔ 

اس ہوٹل کی عمارت کو آخری بار رمادا پلازا کے طور پر استعمال کیا گیا اور ڈاؤن ٹاؤن کے شمالی حصے میں دریائے اوکمولجی کے قریب واقع ہے اور 2017 سے خالی پڑا ہے۔

اس عمارت کا نقشہ مشہور آرکیٹکٹ موریس لیپیدس نے بنایا تھا، جو میامی میں بننے والے کئی ہوٹلز کے حوالے سے شہرت ہیں جن میں فاؤنٹین بلیو بھی شامل ہے۔

تاہم موریس لپیدس نے بعدازاں کہا تھا کہ یہ عمارت ساخت کے لحاظ سے درست نہیں ہے اور اس کی تزئین و آرائش نہیں کی جا سکتی۔

میئر مِلر کا کہنا ہے کہ ’ہم اس کو ختم کرنے کے لیے تھوڑا سا پیسہ خرچ کرنے والے ہیں، مگر جو چیز اس کی جگہ لے گی وہ اس سے 100 گنا بڑھ کر ہو گی۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ نے ابھی تک اس کا فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اس زمین کو کس طرح سے استعمال کیا جائے گا تاہم یہ دریا کے سامنے کے حصے کی ترقی میں اہم حصہ ڈال سکتی ہے۔

تاہم اس سے قبل کنٹریکٹر اور شہر کی انتظامیہ اس کو گرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

رس ہنری جو کہ ہوٹل کی عمارت کے قریب چرچ کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے رکن ہیں، نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکے سے چرچ کی عمارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو 1851 میں تعمیر ہوا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چرچ انہدام کی مخالفت نہیں کرتا لیکن مقامی حکومت کو احتیاط برتنے کا کہا ہے کیونکہ چرچ میں شیشے کی تاریخی کھڑکیاں ہیں اور اگلے سال ان کی عمر 200 سال ہو جائے گی۔

میکون کے میئر مِلر کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی عمارت کے قریب عمارات کے مالکان کے ساتھ رابطہ اور مشاورت کی جائے گی کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ کسی کا نقصان ہو۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.