کُرم کی صورتِ حال: پی ٹی آئی کا گورنر کی کُل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

image
پاکستان تحریک انصاف نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’یہ فیصلہ مظلوم، نہتے اور پرامن شہریوں کے قتلِ عام میں خاموش سہولتکاری کرنے اور سیاسی اجرت کے عوض قاتلوں کی ہمنوائی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔‘

’پیپلز پارٹی تحریک انصاف پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی سرگرم پشت پناہ ہے جس نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’ایک طرف پیپلز پارٹی خصوصاً سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ اور ان کی بدترین ہراسگی میں بڑھ چڑھ کر مصروف ہے اور دوسری جانب بےجان نمائشی مجالس منعقد کرکے اپنی جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے۔‘

پیپلزپارٹی کا خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے اور تحریک انصاف اس ذمہ داری کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’صوبے کے عوام کے ایشوز کے حل پر پختونخوا حکومت کلیتاً سنجیدہ ہے بلکہ وفاق کی ریشہ دوانیوں اور معاونت کے بغیر بھی پیچیدہ ترین معاملات کو سیاسی بالغ نظری اور مؤثر انتظامی اقدامات سے حل کرنے میں مصروف ہے۔ صوبے میں منعقد کردہ پختون اور کرم جرگے اس کی کلیدی مثالیں ہیں۔‘

گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ تجویز صوبائی حکومت کو بھجوائیں گے تو صوبائی حکومت ضرور اسے زیرِ غور لائے گی۔

اے پی سی بلانا آئینی معاملہ نہیں ہے،  کوئی بھی بُلا سکتا ہے: گورنر خیبر پختونخوا 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبہ جل رہا ہے اور یہ ہر ہفتہ دس دن بعد سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے مرکز پرچڑھائی کر دیتے ہیں، کرم میں صورت حال انتہائی ناخوش گوار رہی۔

انہوں نے بدھ کو بتایا کہ ’ہم نے کوہاٹ میں جرگے کے ارکان سے ملاقات کی ہے، صوبائی کابینہ میں کبھی امن وامان کی صورت حال پر بات نہیں ہوئی، وہ سیاسی جماعتیں جو وزیراعلٰی ہاؤس جانے کے لیے تیار نہیں وہ بھی ہمارے ساتھ رہیں، میں نے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر جرگے میں شرکت کی۔‘

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر روزانہ کی بنیاد پر ادویات سپلائی کرے گا (فوٹو: کے پی حکومت)

 فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’ہم نے کوہاٹ کا دورہ کیا لیکن وزیراعلٰی ہمارے ساتھ نہیں گئے، اے پی سی بلانا کوئی آئینی معاملہ نہیں ہے، یہ کوئی بھی بُلا سکتا ہے۔‘

انہوں کہا کہ ’ہم نے سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور سابق گورنر انجینیئر شوکت اللہ کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔‘

کرم میں ضروری ادویات کی ہنگامی بنیادوں پر ترسیل

ضلع کرم میں سڑک کی بندش سے ادویات کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ضروری ادویات کی ہنگامی بنیادوں پر ترسیل کروائی۔

بدھ کو وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر آج  ضروری ادویات کے دو کنسائنمنٹ لے کر کرم پہنچ گیا۔ ان ادویات میں 63 لاکھ روپے مالیت کے جان بچانے والی اور دیگر ضروری ادویات شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر روزانہ کی بنیاد پر ادویات سپلائی کرے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.