اداکارہ سشمیتا سین نے سنہ 1999 میں فلم ’بیوی نمبر 1‘ میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا تھا مگر ان کی سلمان خان کے ساتھ محبت کا آغاز اس سے کئی برس پہلے ہو چکا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق سشمیتا سین سلمان خان کی محبت میں اُس وقت گرفتار ہو گئی تھیں جب انھوں نے 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ دیکھی تھی۔سشمیتا سین کی سلمان خان سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ سلمان خان کے پوسٹرز اپنے کمرے میں لگایا کرتی تھیں۔ایک تقریب میں سشمیتا سین نے بتایا کہ ’مجھے ان دنوں میں جیب خرچ کے طور پر جو بھی پیسے ملتے تھے میں ان سے سلمان خان کے پوسٹرز خرید لیا کرتی تھی، جب ’میں نے پیار کیا‘ ریلیز ہوئی تو میں نے کبوتر کی تصویر خرید لی کیونکہ سلمان خان کی اس فلم میں کبوتر دکھایا گیا تھا۔‘وہ مزید کہتی ہیں کہ ’جب میں ہوم ورک وقت پر مکمل نہیں کرتی تھی تو میرے والدین مجھے دھمکی دیتے تھے کہ وہ میرے کمرے میں لگے سلمان خان کے پوسٹرز اُتار دیں گے، مجھے اس آدمی سے بہت شدت سے محبت تھی۔‘سنہ 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ کو ریکارڈ بریک کامیابی ملی۔ سلمان خان جہاں انڈیا کی لڑکیوں کے ’نیشنل کرش‘ بن گئے وہیں انہوں نے فلم فیئر ایوارڈ بھی جیتا۔اس فلم کے ٹھیک 10 سال بعد سشمیتا سین کو ’بیوی نمبر 1‘ میں سلمان خان کے ساتھ کاسٹ ہونے کا موقع ملا۔ فلم کی شوٹنگ کا ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے سشمیتا سین نے بتایا کہ ’پھر میری سلمان سے دوستی ہو گئی اور ایک دن میں نے انہیں یہ کہانی سنائی۔ پھر ایک دن سلمان خان مجھے بتاتے ہیں کہ انھوں نے میری 15 سال کی عمر کی ایک تصویر دیکھی اور اس تصویر کے پیچھے ان کی فلم کا پوسٹر لگا ہوا تھا۔‘وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید بتاتی ہیں کہ ’تو میں نے کہا کہ میں نے تم سے کہا تھا کہ میرے کمرے میں تمہارے پوسٹر لگے ہوئے تھے۔‘ اس کے جواب میں سلمان خان نے پوچھا کہ میری پسندیدہ فلم کون سی ہے؟‘تو میں نے جواب دیا ’میں نے پیار کیا‘ پھر سلمان خان ڈیوڈ کے پاس گئے اور کہا ’ہمیں سشمیتا سین کے ساتھ ’میں نے پیار کیوں کیا‘ بنانی ہے۔‘