پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنائے ہیں لیکن ابھی بھی جنوبی افریقہ کو 208 رنز کی برتری حاصل ہے۔کپتان شان مسعود 102 اور خرم شہزاد آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
اتوار کو کیپ ٹاؤن میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز پر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی اور یوں پروٹیز کو 421 رنز کی بھاری برتری حاصل ہو گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان کو صائم ایوب کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ وہ دوران فیلڈ ان فٹ ہو کر نہ صرف ٹیسٹ میچ بلکہ چھ ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز421 رنز کا بوجھ لیے گرین شرٹس کے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم میدان میں اترے تو سب کا خیال تھا کہ پہلی اننگز میں ناقص بیٹنگ کے بعد دوسری اننگز میں بھی ٹیم کچھ خاص نہیں کر سکے گی۔ لیکن شان مسعود، جو اپنی فارم اور کپتانی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں، نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ناقدین کو خاموش کرانے کا فیصلہ کیا۔دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی جنوبی افریقہ کے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ شان اور بابر کے درمیان 205 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور بابر اعظم بدقسمتی سے اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 81 رنز بنا کر مارکو جینسن کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
شان مسعود نے 159 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے اپنی شاندار سینچری مکمل کی۔
شان مسعود اور بابر اعظم نے دوسری اننگز کا عمدہ آغاز کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں نو وکٹوں پر 194 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ نہیں نہیں کر سکے تاہم پاکستان کی پہلی اننگز کے اختتام پر جنوبی افریقہ کو 421 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان شان مسعود ایک مرتبہ پھر ناکام دکھائی دیے، وہ صرف دو رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کے مجموعی سکور صرف دو تھے۔ شان مسعود کی وکٹ کے ساتھ ہی پاکستان کی ناکامیوں کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری، وہ 12 رنز بنا کرمارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے۔ یوں دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں پاکستان کو 194 رنز پر ڈھیرکر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
اتوار کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے میچ کے تیسرے روز کا آغاز 64 رنز پر تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کیا تو محمد رضوان اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
دونوں بیٹرز نے 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر اعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 19،عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے تین، کوینا ماپاکھا اور کیشو مہاراج نے دو، دو جبکہ مارکو یانسن اور ویان ملڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ریان ریکلٹن نے اپنے کریر کی پہلی ڈبل سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سینچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سینچریاں بنائی تھیں۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور محمد عباس پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
ٹمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرام، ریان رکیلٹن، ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبسم ڈیوڈ بیڈنگھم، کیل ویرینے، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا ماپاکھا جنوبی افریقہ کی پلینگ الیون میں شامل ہیں۔