’آسٹریلیا نے پاکستان سمیت کئی ملکوں سے آنے والے پناہ گزینوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی‘

image
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا نے نارو کے جزیرے پر حراست میں رکھ کر پناہ کے متلاشی افراد کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارے کی انسانی حقوق کمیٹی کے فیصلے نے ایسے دیگر ملکوں کو بھی خبردار کیا ہے جو پناہ کی تلاش میں آںے والوں کو کسی تیسرے ملک یا جزیرے پر رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

کمیٹی نے یہ فیصلہ اُن 25 پناہ گزینوں اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے دو الگ مقدمات میں دیا ہے جن کو آسٹریلوی حکام نے برسوں تک نارو جزیرے پر رکھا۔

اقوام متحدہ کی اس کمیٹی میں 18 غیرجانبدار ماہرین شامل تھے جنہوں نے کہا ہے کہ ان افراد کو ناکافی صحت کی سہولیات اور پانی دیا گیا جو حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

کمیٹی کے ایک رکن مجیب الحیبہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’کوئی ریاست انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو جاتی اگر وہ پناہ کے متلاشی افراد کو کسی دوسری ریاست میں رکھتی ہے۔‘

کمیٹی نے آسٹریلیا سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ پناہ گزینوں کو ہرجانہ یا معاوضہ ادا کرے اور یہ یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے حوالے سے یہ کمیٹی کسی ریاست پر اپنے فیصلوں پر عمل کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی تاہم اس کے فیصلوں سے کسی بھی ملک کی شہرت پر اثر پڑتا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے کمیٹی کے فیصلے کے بعد کہا ہے کہ وہ اس کا جائزہ لے رہی ہے اور اس پر اپنا ردعمل جاری کرے گی۔

آسٹریلیا کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’آسٹریلوی حکومت کا طویل عرصے اور تسلسل سے یہ مؤقف رہا ہے کہ وہ (پناہ گزینوں کے لیے قائم) علاقائی پروسیسنگ سینٹرز پر مؤثر کنٹرول نہیں رکھتی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایسے افراد جن کو آسٹریلیا کی سرزمین سے باہر رکھا جاتا ہے اُن کے حوالے سے آسٹریلیا پر بین الاقوامی ذمہ داریاں عائد نہیں ہوتیں۔‘

آسٹریلیا نے حراستی مراکز قریبی جزیروں نارو اور پاپوا نیو گنی میں قائم کیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

سنہ 2012 میں آسٹریلیا نے ایسے افراد کے لیے سخت پالیسی نافذ کی تھی جو کشتیوں کے ذریعے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس پالیسی کے تحت پناہ کے متلاشی ایسے افراد کو ’آسٹریلوی ساحلوں سے دور پراسیسنگ سینٹرز‘ میں رکھا جاتا ہے۔

آسٹریلیا نے یہ حراستی مراکز قریبی جزیروں نارو اور پاپوا نیو گنی میں قائم کیے۔

اقوام متحدہ کی کمیٹی نے آسٹریلوی حکومت کے اس مؤقف کو مسترد کر دیا کہ وہ ان جزائر پر رکھنے گئے افراد سے روا رکھے گئے خراب سلوک کی ذمہ دار نہیں۔ 

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کی جانب سے جو پہلا کیس دیکھا گیا اُس میں شامل پناہ گزینوں کا تعلق عراق، ایران، افغانستان، پاکستان، سری لنکا اور میانمار سے ہے جن میں بچے بھی شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.