"میرے والد نے کلمہ پڑھنے کے 10 دن بعد ہی وفات پائی۔ یہ خبر مجھے اس وقت ملی جب میں اپنے پہلے حج پر تھا۔" سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف نے یہ جذباتی انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد نے اسلام قبول کرنے کے فوراً بعد اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔
2005 میں اسلام قبول کرنے والے محمد یوسف، جو پہلے یوسف یوحنا کے نام سے جانے جاتے تھے، نے حال ہی میں قاسم علی شاہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنی زندگی کے ان لمحات اور مذہب تبدیل کرنے کے بعد پیش آنے والے چیلنجز پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مذہب تبدیل کرنے کے بعد بھی تنقید کا سامنا ہے، خاص طور پر سوشل میڈیا پر، جہاں پڑوسی ملک کے لوگ اکثر نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "یہ تکلیف دہ ہوتا ہے جب اپنے مسلمان ایسے سوالات کرتے ہیں جو نہیں کرنے چاہییں۔ کوئی کہتا ہے پیسے کے لیے اسلام قبول کیا، حالانکہ میرے پاس پیسہ تب زیادہ تھا جب میں کھیل رہا تھا۔"
محمد یوسف نے والد کے قبولِ اسلام کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لمحات ان کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ اپنے والد کے ساتھ ایک تبلیغی جماعت کے بزرگ کی رہنمائی میں گئے تھے۔ ابتدا میں ان کے والد تیار نہیں تھے، مگر بزرگ کی محنت اور تبلیغ سے قائل ہو کر انہوں نے کلمہ پڑھا۔ یوسف کے مطابق، "اس وقت ہم بےحد خوش تھے۔ حج کی تیاری میں تھے کہ حج کے دوران والد صاحب کے انتقال کی خبر ملی۔"
انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے باقی افراد بھی دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں، جن میں ان کی والدہ اور بھائی شامل ہیں۔ ان کی بھتیجیوں کی شادیاں ایک حافظ اور ایک عالم سے ہوئیں۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ لوگ دین کی راہ پر چلنے والوں کو فرشتہ سمجھنے لگتے ہیں، لیکن انسان سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، اور ان کا مقصد صرف آخرت کی کامیابی ہے۔