پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں مائیک کی خرابی پر فینز برہم، ڈیوڈ وارنر ’سب سے مہنگے کھلاڑی‘

ٹی ٹوئنٹی فرنچائز کرکٹ کے پاکستانی برانڈ پی ایس ایل کے 10ویں سیزن کے لیے لاہور میں ایک ڈرافٹ منعقد ہوا جس میں 44 غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ درجنوں مقامی کرکٹرز شامل ہوئے۔ مگر شائقین سوشل میڈیا پر مینجمنٹ پر تنقید کرتے نظر آئے۔

ٹی ٹوئنٹی فرنچائز کرکٹ کے پاکستانی برانڈ پی ایس ایل کے 10ویں سیزن کے لیے لاہور میں ایک ڈرافٹ منعقد ہوا جس میں 44 غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ درجنوں مقامی کرکٹرز شامل ہوئے۔

اس ایونٹ کے دوران جہاں نئے کھلاڑیوں کو مختلف ٹیموں میں شامل کیا گیا وہیں شائقین خراب مینجمنٹ پر تنقید کرتے بھی نظر آئے۔ اس ایونٹ کے منتظمین نے تاحال اس بارے میں ردعمل نہیں دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کھیلوں کی سب سے بڑی تقریب سمجھے جانے والے اس ایونٹ کو رواں برس 10 سال مکمل ہوجائیں گے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اگلے سال یعنی 2026 سے اس چھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کا امکان ہے۔

پی ایس ایل 10 کی خاص بات یہ ہے کہ فروری سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے باعث اب یہ ایونٹ فروری-مارچ کی بجائے اپریل-مئی میں منعقد ہوگا اور اس کا شیڈول براہ راست انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ٹکرائے گا۔

اسی لیے پی ایس ایل ڈرافٹ میں کئی ایسے غیر ملکی کھلاڑی دستیاب ہیں جن کی آئی پی ایل میں نیلامی نہ ہوسکی۔

پی ایس ایل کو اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ اس دوران بین الاقوامی مقابلے نہ ہونے کے برابر ہوں گے، یعنی غیر ملکی کھلاڑیوں کی اکثریت پورے ٹورنامنٹ تک دستیاب رہ سکے گی۔ مگر کھلاڑیوں کو مختلف لیگز میں حصہ لینے کے لیے این او سی کا اجرا ایک چیلنج بن سکتا ہے۔

پی ایس ایل 10 کے سب سے مہنگے کھلاڑی کون؟

پیر کو پی ایس ایل ڈرافٹ کی شروعات پلاٹینم راؤنڈ سے ہوئی۔ لاہور قلندرز نے کیوی بلے باز ڈیرل مچل کو شامل کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے یہ امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے قلندرز کا مڈل آرڈر مضبوط ہوگا۔

رواں سال پی ایس ایل کے لیے ڈیوڈ وارنر کی نیلامی نہیں ہوسکی تھی۔ مگر اب انھیں کراچی کنگز نے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

صحافی فیضان لکھانی کے مطابق آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے کم از کم تین لاکھ ڈالر کی تنخواہ پر پِک کیا ہے اور یوں وہ پی ایس ایل 10 کے سب سے مہنگے کھلاڑی ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وارنر کو لاہور قلندرز نے ڈرافٹ میں شامل کیا تھا اور ان کی کم از کم تنخواہ دو لاکھ ڈالر طے کی گئی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کا انتخاب کیا جو پہلی بار پی ایس ایل میں نظر آئیں گے۔ گلیڈی ایٹرز نے ایک اور کیوی بلے باز فِن ایلن کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ ان کے لیے فہیم اشرف بھی پلاٹینم کیٹگری میں ہوں گے۔

ملتان سلطانز نے مائیکل بریسویل جبکہ کراچی کنگز نے فاسٹ بولر ایڈم ملنے اور عباس آفریدی کو پلاٹینم کیٹگری میں رکھا ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے میتھیو شارٹ کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

ڈائمنڈ کیٹگری میں کنگز نے خوشدل شاہ، یونائیٹڈ نے جیسن ہولڈر اور قلندرز نے کشال پریرا کا انتخاب کیا۔ محمد علی، جو سلطانز کے لیے کھیلتے تھے، اب وہ ڈائمنڈ کیٹگری میں زلمی کے لیے کھیلیں گے۔

وہ کھلاڑی جن کے لیے ’رائٹ ٹو میچ‘ کا راستہ اپنایا گیا

پشاور زلمی کے لیے کھیلنے والے بلے باز ٹام کوہلر کیڈور اس بار ڈرافٹ کا حصہ بنے لیکن پہلے پلاٹینم راؤنڈ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انھیں پِک کیا۔ اس کے باوجود وہ پشاور زلمی میں برقرار رہے کیونکہ زلمی نے 'رائٹ ٹو میچ' کے ذریعے ان کی آفر کو میچ کر دیا۔

ٹیموں کے پاس یہ آپشن ہوتی ہے کہ جن کھلاڑیوں کو ان کی طرف سے ریٹین نہیں کیا گیا انھیں وہ آفر میچ کرنے پر دوبارہ ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں۔

سلوور راؤنڈ میں قلندرز نے طیب طاہر کو پِک کیا مگر ملتان سلطانز نے رائٹ ٹو میچ کا راستہ اپنایا۔

دریں اثنا ایمرجنگ کیٹگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حسن نواز کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔

جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو پلاٹینم کیٹگری میں کسی بھی ٹیم نے پِک نہیں کیا۔ آئی پی ایل میں بھی ان کی نیلامی نہیں ہوسکی تھی۔

پی ایس ایل ڈرافٹ میں مائیک کی خرابی پر فینز برہم

بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنی رائے ظاہر کی کہ ڈرافٹ کی پروڈکشن کوالٹی اتنی اچھی نہیں تھی۔

جیسے احمد کہتے ہیں کہ '10 سال کے بعد بھی آپ اتنا غلط کیسے جا سکتے ہیں؟' صحافی کامران مظفر نے کہا کہ یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 'سب سے غیر منظم' ڈرافٹ تھا۔

کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ ایک موقع پر شاہین کا مائیک نہیں چل رہا تھا اور بعض ٹیموں کو مائیک کے بغیر ہی چنے گئے کھلاڑیوں کا اعلان کرنا پڑا۔

محسن عزیز نے کہا کہ یہاں مائیک ہیں نہ آپس میں تعاون: 'یہ تب ہوتا ہے جب بُری مینجمنٹ ہو۔'

دراصل یہ مسئلہ ڈرافٹ کی ابتدا سے ہی شروع ہوگیا تھا جب لاہور قلندرز نے اپنا پہلا کھلاڑی چُنا۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 'ڈیرل مچل' کہا مگر ان کی آواز سٹیج تک نہ پہنچی۔

اس پر شاہین نے وہ نام بار بار دہرایا۔

پھر کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کو بھی اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انھوں نے 'ڈیوڈ وارنر' کہنا چاہا۔ اس موقع پر حسن علی نے ان کی مدد کی اور اونچی آواز میں 'ڈیوڈ وارنر' چِلائے۔

اس پر شرکا ہنس پڑے اور براڈکاسٹر ڈومینک کورک نے مسکراتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو 'مائیک کی ضرورت نہیں۔'

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا مائیک بھی موقع پر نہ چلا اور ان کی 'ٹام کوہلر کیڈمور' کی آواز نہ پہنچ پائی۔

صحافی رضوان علی کے مطابق تقریب کے دوران صرف ایک مائیک چل رہا تھا جسے چھ فرنچائزز استعمال کر رہی تھیں۔

زبیر نے طنز کیا کہ 'آدھے سے زیادہ وقت مائیک چیک اور مائیک ٹھیک کرنے میں لگ چکا ہے۔'

ایک اور صارف نے سوال کیا کہ ’پی ایس ایل ڈرافٹ میں مائیک کام نہیں کر رہے پتا نہیں چیمپیئنز ٹرافی میں کیا ہی ہوگا‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.