نامور پاکستانی اداکار گوہر رشید کے نکاح خواں کی موجودگی میں کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں گوہر رشید، نکاح خواں، حمزہ علی عباسی اور کچھ دیگر لوگوں کے درمیان بیٹھے خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں، دوران بات چیت نکاح خواں کچھ کاغذات گوہر رشید کی جانب بڑھا کر ان سے دستخط کرواتے ہیں۔
اس کلپ پر کچھ صارفین اس تشویش میں مبتلا نظر آئے کہ کیا یہ ویڈیو اداکار کے نکاح کی تقریب کی ہے؟
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر گوہر رشید کی اپنی ساتھی اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
’دی کرنٹ‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ اداکار جوڑے کی شادی کی افواہیں اب محض افواہیں نہیں ہیں بلکہ شادی کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے اور آئندہ ماہ 22 فروری کو ان دونوں کی شادی ہوگی۔
ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟
یہ ویڈیو اداکار حمزہ علی عباسی کے نکاح کی تقریب کی ہے جس میں گوہر رشید نے نکاح نامے پر بطور گواہ دستخط کیے تھے۔