پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات نے دعویٰ کیا ہےکہ بالی وڈ اسٹار عامر خان نے ان کے شو سے متاثر ہوکر اپنا شو بنایا۔
حنا بیات حال ہی میں نجی شو میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے دلچسپ موضوعات سمیت اپنے کیرئیر پر بھی بات کی۔
اداکارہ نے اگرچہ اپنے کیرئیر کا آغاز بطورمیزبان کیا لیکن انہوں نے بطور پہلی شخصیت معاشرے کے حقیقی مسائل کو اسکرین پر پیش کیا تھا ۔
حنا بیات نے اپنے شو’ الجھن سلجھن ‘ اور ’ جیو حنا کے ساتھ ‘ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم نے جس زمانے میں اس شو کا آغاز کیا اس وقت کوئی بھی شخص نفیساتی مسائل پر بات نہیں کرتا تھا،اس شو کیلئے ہمارا مقصد بغیر لوگوں کی تشہیر کیے بغیر مسائل کو سامنے لانا تھا، پہلے پہل جس شو کو شروع کیا گیا وہ زیادہ نفسیات کے مسائل کو لیے ہوئے تھا اس شو کا نام ’الجھن سلجھن ‘ تھا پھر اس شو کو ’ جیو حنا کے ساتھ‘ کا نام دیا گیا‘۔
شو کے حوالے سے حنا بیات نے بتایا کہ ’ اس شو کا سیٹ بھی میں نے خود ڈیزائن کیا تھا لیکن اس کے کافی عرصے بعد عامر خان نے بھی شو شروع کیا جسے دیکھ کر ہماری چیخیں نکل گئیں، کیوں کہ اس شو کا سیٹ حتیٰ کہ مواد بھی ہمارے جیسا تھا، میں یہی کہوں گی کہ اس وقت عامر خان ہمارے شو سے انسپائر ضرور تھے‘ ۔
اداکار حنا بیات نے اگرچہ عامر خان کے شو کا نام نہیں لیا لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق حنا بیات کے شو کے بعدبھارتی چینل اسٹار پلس پر ’ستیہ میو جیتے‘ کے نام سے ایک شو کی میزبانی عامر خان نے کی، یہ شو اپنے فارمیٹ کی وجہ بھارت میں خاصا مقبول رہا تھا۔