پہلے دن سے ہی ’تاریخی رفتار‘ کے ساتھ کام کروں گا، ڈونلڈ ٹرمپ کا ریلی سے خطاب

image
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب سے ایک دن قبل واشنگٹن میں ریلی سے خطاب کیا اور ایک مرتبہ پھر امیگریشن اور سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک سے متعلق پالیسی بیانات جاری کیے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کی رات کو ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں تارکین وطن کو نکالنے کے لیے اقدامات کریں گے جو امریکہ کی تاریخ میں ملک بدری کی سب سے کوشش ہو گی۔ 

ٹرمپ نے کہا کہ ’امریکی تاریخ کی یہ سب سے بڑی سیاسی تحریک ہے اور 75 روز قبل ہمیں ایک اہم سیاسی جیت حاصل ہوئی جو اس سے پہلے ہمارے ملک نے کبھی نہیں دیکھی تھی۔‘

انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی ’تاریخی رفتار‘ کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ’ہمارے ملک کو درپیش ہر ایک بحران کو حل کروں گا۔‘

ٹرمپ کے ساتھ سٹیج پر دنیا کے امیر ترین شخص اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک بھی موجود تھے جن کو ٹرمپ نے حکومتی بیروکریسی کی اجارہ داری ختم کرنے اور انتظامیہ کے اضافی اخراجات میں کمی لانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہونے کے بعد سے ہی ایسے بیانات دیتے آئے ہیں جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ آئندہ چار سالوں میں امریکہ کی اندرونی اور خارجہ پالیسی کیا رخ اختیار کرنے جا رہی ہے۔

حالیہ چند ہفتوں میں ٹرمپ نے گرین لینڈ اور پاناما کنال پر قبضے کے علاوہ کینیڈا کو امریکہ کا حصہ بنانے کے حوالے سے بیانات پر اپنے اتحادیوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدارتی منصب سنبھالنے کے چند گھنٹوں میں ہی ’بائیڈن انتظامیہ کا ہر انتہا پسند اور بیوقانہ ایگزیکٹو آرڈر‘ منسوخ کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ تارکین وطن کو ملک سے نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

روئٹرز کو ذرائع کے بتایا کہ ڈنلڈ ٹرمپ پیر کو 200 سے زائد ایگزیکٹو اقدامات لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ نے ریلی سے خطاب  میں سابق صدر جان ایف کینیڈی، ان کے بھائی سینیٹر رابرٹ کینیڈی اور نسلی مساوات کی تحریک کےعلم بردار مارٹن لوتھر کنگ کے قتل کے حوالے سے خفیہ دستاویزات جاری کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ایپ کے حوالے سے کہا کہ ’ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں ہے۔ ہمیں ٹک ٹاک کو بچانا ہوگا۔ آج سے ٹک ٹاک واپس آ گیا ہے۔‘

ریلی سے قبل ٹرمپ نے اپنے میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا تھا کہ وہ پیر کو ایگزیکیٹو آرڈر جاری کریں گے تاکہ ٹک ٹاک پر پابندی کے حوالے سے احکامات کو معطل کیا جا سکے۔

ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹک ٹاک امریکہ میں عارضی بندش کے بعد دوبارہ بحال ہو گیا تھا۔ ٹک ٹاک نے ایپ پر پیغام میں کہا کہ ’صدر ٹرمپ کی کوششوں کے نتیجے میں ٹک ٹاک امریکہ میں واپس آ گیا ہے۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.