فرانس کے وزیراعظم فرانکو بائرو نے کہا ہے کہ اگر یورپ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت نہ کی تو اسے دیوار سے لگا دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر فرانکو بائرو نے پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے پیر کو فرانس کے جنوب مغربی شہر پاؤ میں امریکہ کی نئی انتظامیہ کی ڈالر، انڈسٹری اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ کی حلف برداری کے ساتھ امریکہ نے ایسی سیاست کا فیصلہ کیا ہے جو غیرمعمولی بالادستی کی حامل ہو گی۔‘فرانسیسی وزیراعظم نے مزید کہا ’اگر کچھ نہ کیا تو ہمارا مقدر سامنے ہے۔ ہم مغلوب ہو جائیں گے، کچلے جائیں گے اور ہمیں دیوار سے لگا دیا جائے گا۔‘’یہ سب اب ہم (یعنی فرانسیسی اور یورپی عوام) پر منحصر ہے کیونکہ یورپ کے بغیر یہ ممکن نہیں۔‘’ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد نے ہمیں اور ہماری ذمہ داریوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے اور یہ چین کی طاقت کو بھی اشتعال دلانے والی صورتحال ہے۔‘اس سے قبل فرانس کے صدر ایمینوئل میکخواں کہہ چکے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے سے امریکہ پر انحصار میں کمی بالخصوص دفاع کے شعبے میں یورپ کی ’تزویراتی آزادی‘ کی ضرورت اجاگر ہوئی ہے۔گزشتہ برس صدر ایمینوئل میکخواں کی جانب سے نامزد کردہ وزیراعظم فرانکو بائرو خارجہ اور داخلہ امور سے متعلق پالیسیوں پر ٹھوس موقف اپناتے ہوئے محسوس ہو رہے ہیں۔آج (پیر ہی کو) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے اپنی دوسری مدت اقتدار سے متعلق ’امریکہ کے لیے سنہری عہد‘ کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں فرانس کے انتہائی دائیں بازو کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔