آسٹریلیا میں چند دن قبل ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب مِٹنز نامی ایک پالتو بلی مسافر طیارے میں رہ گئی اور اسے اصل مسافت سے تین گنا زیادہ سفر کرنا پڑا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایک خاندان 13 جنوری کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ اپنی نئی منزل ملیبورن، آسٹریلیا کے لیے سفر کر رہا تھا اور ان کی پالتو بلی مِٹنز بھی ان کے ساتھ تھی۔جب وہ ماں اور بیٹا میبلورن میں جہاز سے اترے تو انہیں سامان کے ساتھ بلی کا پنجرہ نہیں ملا۔بلی کی مالک مارگو نیاس کارگو ڈیک سے اتارے جانے والے سامان کا انتظار کرتی رہیں۔ جب تین گھنٹے گزر گئے تو انہیں لگا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔اس کے بعد خاتون مسافر کو بتایا گیا کہ وہ جہاز اب نیوزی لینڈ کے لیے واپس روانہ ہو چکا ہے اور بلی جہاز کے اندر موجود ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس پرواز کو نیوزی لینڈ پہنچنے میں ساڑھے سات گھنٹے لگیں گے۔یہ سن کر خاتون کا ردعمل کچھ یوں تھا ’اف خدایا! یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ کیسے ہو سکتا ہے ایسا۔‘مارگو نیاس نے یہ بھی بتایا کہ مِٹنز کا پنجرہ ایک وہیل چیئر کے نیچے تھا، اس کا واضح مطلب ہے کہ سامان اٹھانے والوں نے بلی کو چھوڑ دیا ہے۔بلی جب واپس نیوزی لینڈ پہنچی تو پالتو جانوروں کو منتقل کرنے والی کمپنی نے اس کے دوبارہ میلبورن کے سفر کے انتظامات کیے۔
ایئر نیوزی لینڈ نے خاتون سے معذرت کی اور بلی کے سفر پر اٹھنے والے اخراجات انہیں واپس کر دیے (فائل فوٹو: روئٹرز)
اگلی یعنی تیسری فلائٹ میں بلی کی واپسی کے بعد اس کی مالک مارگو نیاس نے بتایا کہ ’اس نے چھلانگ لگائی اور جھٹ سے مجھ سے لپٹ گئی، ہم دیر تک ہم آغوش رہے۔‘
انہوں نے بلی کے وزن میں کمی ہونے کی نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ (مٹنز سے ملاقات) واقعی ایک پرسکون لمحہ تھا۔‘اخبار نیوزی لینڈ ہیرالڈ کے مطابق مارگو نیاس کو بلی کے واپسی کے سفر کا کوئی معاوضہ ادا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے اپنے سفر کے آغاز ہی میں کمپنی کو بلی کی منتقلی کے لیے 1106 ڈالر ادا کیے تھے۔بعد میں ایئر نیوزی لینڈ نے خاتون سے معذرت کی اور بلی کے سفر پر اٹھنے والے اخراجات انہیں واپس کر دیے۔